سنگاریڈی۔ 24 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا کی اہلیہ پدمنی ریڈی کے انتخابات میں مقابلہ کرنے کے اعلان کے بعد سنگاریڈی حلقہ اسمبلی میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی اہلیہ پدمنی ریڈی نے آئندہ انتخابات میں حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے مقابلہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور انہوں نے مقامی رکن اسمبلی پر تنقید کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا علیحدہ ریاست تلنگانہ کے اعلان کے بعد وہ چیف منسٹر کے عہدہ کی دوڑ میں شامل ہیں اور اب ان کی اہلیہ پدمنی ریڈی کی جانب سے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے مقابلے کے اعلان پر خود کانگریس قائدین ہی تنقید کررہے ہیں کہ ایک ہی خاندان سے انتخابات میں ایک ہی ضلع سے دونوں کس طرح پارٹی ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ سنگاریڈی حلقہ اسمبلی سے ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے چنتا پربھاکر انتخابات میں مقابلہ کے خواہاں ہیں اور کے سی آر پارلیمانی حلقہ میدک سے مقابلہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تمام قائدین سے مشاورت بھی کرچکے ہیں۔
وہ حلقہ اسمبلی گجویل اور پارلیمانی حلقہ میدک سے مقابلہ کریں گے اور ٹی آر ایس امیدواروں کو انتخابات کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دے چکے ہیں۔ کانگریس پارٹی سے ٹی آر ایس کا اتحاد ہو یا نہ ہو قائدین کو تیار رہنے کی ہدایت کے سی آر جاری کرچکے ہیں اور اسمبلی حلقہ جات میں ٹی آر ایس پارٹی کی کامیابی سے متعلق تفصیلات بھی حاصل کرچکے ہیں۔ اچانک ڈپٹی سی ایم کی اہلیہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے مقابلہ کرنے کے اعلان کو دیکھتے ہوئے کانگریس و ٹی آر ایس کے قائدین پارٹی ہائی کمان سے رجوع ہوگئے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی اہلیہ چند دنوں سے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے منڈل کونڈہ پور میں جلسے منعقد کررہی تھیں لیکن اچانک انہوں نے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو حیرت میں ڈال دیا۔