جگتیال۔/23اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ جگتیال کئی ایک مسائل سے دوچار ہے۔ سینکڑوں دیہات گوداوری ندی اور کنال سے متصل رہنے کے باوجود پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ شہر جگتیال میں سینٹیشن ڈرینج کے ناقص سسٹم سے عوام مختلف امراض سے متاثر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ جگتیال کے ٹی آر ایس امیدوار ماہر چشم ڈاکٹر ایم سنجے کمار نے آج ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ انتخابی مہم کے سلسلہ میں گذشتہ 20دن سے مختلف مواضعات کوانتخابی تشہیر کیلئے جانے کا موقع ملا جہاں پر کئی ایک مواضعات رائیکل منڈل ،تائلہ وائی دھرماجی پیٹ میں عوام قطرہ قطرہ پانی کیلئے ترس رہے ہیں۔ اسی طرح سارنگا پور منڈل میں کتہ پیٹ اور بورناپلی میں لفٹ اریگیشن کی ضرورت ہے اور اسی طرح جگتیال میں بھی موسم گرما میں پانی کی قلت محسوس کی جاتی ہے
اس کو دور کرنے کیلئے مزید ایک اسٹوریج تالاب کی ضرورت ہے اور پیوریفائیڈ پانی نہ ہونے کی وجہ سے غریب عوام بھی پندرہ تا بیس روپئے میں فی باٹل پانی حاصل کررہے ہیں۔ پیوریفائیڈ پلانٹ کی تعمیر اور شہر میں ٹریفک مسائل سے نمٹنے کیلئے مزید ایک بائی پاس روڈ کی تعمیر کی ضرورت ہے۔ حلقہ جگتیال میں زیادہ تر طبقہ بیڑی مزدوری پر منحصر ہے جنہیں مزدوروں میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ اجرتوں میں اضافہ کے ساتھ پی ایف کی فراہمی کیلئے پی ایف آفس کا قیام اور حلقہ جگتیال میں روزگار کیلئے ایک بڑا طبقہ32تا40فیصد روزگارکیلئے گھربار چھوڑ کر دیگر مقامات اور خلیجی ممالک کیلئے لاکھوں روپیوں کے قرض لیکر پریشان حال ہے، ان کے مسائل کی یکسوئی پر اولین ترجیح ہوگی۔ کے سی آر کے وعدہ کے مطابق 17لاکھ آبادی پر مشتمل علاقے کو ضلع بنانے کے وعدہ پر جگتیال سب سے پہلے ضلع بنایا جائے گا اور اس کی ترقی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کو اقتدار میں لانے کیلئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے خواہش کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق ریاستی وزیر راجیشم گوڑ، ڈاکٹر گنگا ریڈی، ایم احمد، محمد امین الحسن، محمد امین الدین، محمد انصاری اور دیگر موجود تھے۔