ادونی۔/16اپریل( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آج صبح 11بجے سابق رکن اسمبلی میناکشی نائیڈو نے دفتر ایم آر او پہنچ کر امیدوار تلگودیشم پارٹی کی حیثیت سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ بعد ازاں انھوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ تین بار حلقہ ادونی سے رکن اسمبلی کا عہدہ حاصل کرنے کے بعد اب میں امید کرتاہوں کہ اس بار بھی عوام مجھے کامیابی سے ہمکنار کریں گے اور میں عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے بھر پور کوشش کرتا رہونگا۔ اس موقع پر انھوں نے چندرا بابو نائیڈو کوکامیاب کرنے اور تلگو دیشم پارٹی کو اقتدار پر لانے کی بات کہی۔
عرس شریف
شاہ آباد( چیوڑلہ )۔/16اپریل، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شاہ آباد مستقر پر حضرت سیدنا پہلوان شاہ ولی ؒ کے 18ویں عرس شریف کی سہ روزہ تقاریب کا 16جمادی الثانی 17اپریل بروز جمعرات آغاز عمل میں آئیگا۔ جس کی نگرانی مولانا محمد محی الدین قادری محمودی خطیب جامع مسجد قطب شاہی لنگر حوض حیدرآباد ، زیر صدارت مولانا حافظ سید رؤف علی صدر مدرس دارالعلوم عربیہ کاورم پیٹ ضلع محبوب نگر ، مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ اور مولانا محمد احمد نقشبندی بانی و صدر تحریک صدائے اسلام حیدرآباد دکن کے خصوصی خطابات ہوں گے۔