حلف برداری کے دوران ناخواندہ کونسلرس کو مشکلات

بودھن۔/4جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کل ہوئے مجلس بلدیہ بودھن کے صدر نشین و نائب صدر نشین کے انتخابات کے دوران بعض عجیب و غریب مناظر نظر سے گذرے۔ بیشتر خواتین ارکان بلدیہ حلف برداری کے دوران صحیح تلفظ ادا نہ کرسکے۔ بعض خواتین ناخواندہ تھیں جن کی پریسائیڈنگ آفیسر نے حلف برداری کے الفاظ ادا کرتے ہوئے مدد کی جس کو خواتین نے ادا کرتے ہوئے حلف لیا۔35رکنی کونسل میں پانچ مسلمہ سیاسی جماعتوں کے ارکان بلدیہ منتخب ہوئے جن میں سے تین جماعتیں کانگریس، ٹی آر ایس اور مجلس نے وہپس کا تقرر عمل میں لایا لیکن انتخابات کی کارروائی کے آغاز سے ایک گھنٹہ قبل تک تقرر کردہ وہپس اپنی جماعتوں کے موقف سے پریسائیڈنگ آفیسر کو واقف کروانے سے قاصر رہے۔ کانگریس پارٹی کے صدر نشین کی نشست کے امیدوار جناب محمد عابد علی سیٹھ نے انتخابات کی کارروائی کا آغاز ہونے سے صرف پانچ منٹ قبل شہ نشین کے قریب پہنچ کر اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسر، کمشنر بلدیہ بودھن مسٹر پرساد راؤ کو ان کی پارٹی کے موقف سے واقف کروانے ایک یادداشت حوالے کرنے کی کوشش کی جس کو کمشنر بلدیہ نے قبول کرنے سے انکار کردیا جس کے باعث کانگریس پارٹی کے دو غیر حاضر ارکان بلدیہ کو پارٹی کی تادیبی کارروائی سے راحت ملے گی۔ دیگر دو سیاسی جماعتوں ٹی آر ایس اور مجلس نے وہپس کا تقرر تو کیا لیکن پریسائیڈنگ آفیسر کو پارٹی کے موقف سے واقف کروانے کی ضرورت محسوس نہیں کی ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کونسل ہال میں خود گورنمنٹ وہپس جناب شکیل عامر موجود تھے پھر بھی ان کی جماعت ے نامزد وہپ میں بھرت نے وہپ جاری نہیں کیا۔