حلف برداری تقریب میں اپوزیشن اتحاد نظر آیا

جے پور 17دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان میں اشوک گہلوت اور سچن پائلٹ کی حلف برداری کی تقریب میں اپوزیشن کا اتحاد نظر آیا۔البرٹ ہال کے سامنے منعقدہ حلف برداری کی شاندار تقریب میں کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت کانگریس کے متعدد سینئر لیڈران کے ساتھ اپوزیشن کے سرکردہ لیڈر شرد پوار، ایچ ڈی دیوگوڑا، شرد یادو، ایم کے اسٹالن، فاروق عبداللہ سمیت کئی لیڈروں کی موجودگی نے بی جے پی کے خلاف اتحاد کا اشارہ دیا ہے ۔کرناٹک میں مخلوط حکومت بنانے کے بعد حال ہی میں پانچ ریاستوں میں ہوئے انتخابات میں کانگریس کے تین پر جیت حاصل کرنے کے بعد غیر کانگریسی لیڈروں کا کانگریس کے جانب جھکاؤ نظر آیا ہے ۔ حلف برداری کی تقریب میں آج ان کی موجودگی نے اپوزیشن اتحاد کو مضبوطی عطا کی ہے ۔آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن اتحاد کیا شکل اختیار کرتا ہے یہ تو بعد میں ہی پتہ چلے گا لیکن آج کے حلف برداری کی تقریب میں اپوزیشن رہنماؤں کی نزدیکیاں دیکھنے کو ملیں۔ کانگریس نے کانگریس نے حلف برداری کی تقریب میں حزب اختلاف کے رہنماؤں کو بلا کر ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا ہونے پہل کی ہے ۔حلف برداری کی اس تقریب میں پنجاب کے وزیر سیاحت نوجوت سنگھ سدھو اور کانگریس لیڈر راج ببر بھی موجود تھے ۔