حلب پر بمباری کرنے والوں کو قہر خداوندی سے ڈرنا چاہئے: پوپ فرانسس

وٹیکن سٹی۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پوپ فرانسیس نے آج انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شام کے شہر حلب میں بے قصور اور نہتے شہریوں پر جو بمباری کی جارہی ہے، اس سے ہر انسانیت پسند شخص کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ایسا کرنے والوں کو قہر الٰہی سے ڈرنا چاہئے۔ سینٹ پیٹرس اسکوائر میں ایک عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلب شہر پہلے ہی ’’شہیدوں‘‘ کے شہر میں تبدیل ہوچکا ہے جہاں ہر کوئی چاہے وہ بچے ہوں، جوان ہوں، بوڑھے ہوں یاخواتین ہوں، بیدردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اُتارے جارہے ہیں، حالانکہ پوپ فرانسس نے حملہ آوروں کا نام نہیں لیا تاہم مانیٹرس تو یہی بتاتے ہیں کہ حکومت شام اور اس کے روسی حامیوں نے شہر کے ان حصوں پر جہاں باغیوں کا قبضہ ہے، صفائی حملوں میں گزشتہ ہفتہ جنگ بندی کے خاتمہ کے بعد شدت پیدا کردی ہے۔ انہیں قہر خداوندی سے ڈرنا چاہئے۔

 

خود مختار علاقائی گروپوں کی لڑائی میں 17صومالی فوجی ہلاک
موغادیشو۔28ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی صومالیہ میں نیم خود مختار علاقوں کے فوجی دستوں کے درمیان گزشتہ رات کو ہونے والی جھڑپوں میں17صومالی فوجی ہلاک ہوگئے۔ یہ اطلاع مقامی حکام نے آج دی ہے۔