بیروت 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شامی عسکریت پسندوں بشمول القاعدہ کی مقامی شاخ کے ارکان نے سرکاری سراغ رسانی مرکز پر شہر حلب میں حملہ کیا جس کی وجہ سے عمارت کا بیشتر حصہ تباہ ہوگیا کیونکہ اِس کے نیچے واقع سرنگ کو دھماکہ سے اُڑادیا گیا تھا۔ فضائیہ کے سراغ رسانی ہیڈ کوارٹرس پر حملہ کے بعد کل رات دیر گئے حملہ کا آغاز ہوا جو آج علی الصبح تک جاری رہا۔ حلب میں مقیم سماجی کارکن احمد حامد نے دعویٰ کیاکہ حملہ سے سرکاری فوج کے کئی سپاہی ہلاک ہوگئے۔ برطانیہ کی شامی رسد گاہ نے کہاکہ جھڑپ کے دوران 13 عسکریت پسند ہلاک اور 20 فوجی زخمی ہوگئے۔ فوری طور پر حکومت کی جانب سے اِس حملہ کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔