نئی دہلی8 اگست (سیاست ڈاٹ کام)رائے دہی کی رازداری کو رائے شماری کے دوران بھی برقرار رکھنے کے مقصد سے الیکشن کمیشن نے تجویزپیش کی ہے کہ نئی مشینیں رائے دہی کیلئے استعمال کی جائیں تا کہ رائے دہی کے رجحان کا انکشاف نہ ہوسکے ۔الیکشن کمیشن نے حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ ’’ٹوٹلائزر‘‘ مشین رائے شماری کیلئے استعمال کی جائے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس طرح رائے دہی کی رازداری کو اگلی سطح تک بلند کیا جاسکے گا اور رائے شماری کے وقت ووٹوں کو ملانے کا مقصد بھی حاصل ہوجائے گا۔ ایسا اس لئے کیا جاتا ہے کہ کسی مخصوص مرکز رائے دہی پر رائے دہی کے رجحان کا پتہ نہ چل سکے ۔ مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے آج راجیہ سبھا کو اس کی اطلاع دی۔ ایک سوال کے تحریری جواب میںانہو ںنے کہا کہ حکومت نے ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ووٹوں کی رازداری ہندوستانی جمہوریت کا نچوڑ ہے اور کسی بھی ٹکنالوجی کی ترقی کو اس مقصد کو یقینی بنانے کیلئے استعمال کرنے سے گریز نہیںکیا جائے گا۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا حکومت تمام ووٹوں کو یکجا کر کے رائے شماری پر غور کررہی ہے اور مراکز رائے دہی پر مبنی رائے شماری ترک کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔