حقوق کیلئے سیاستدانوں کا گریبان پکڑیں : ظہیر الدین علی خان ، منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست 

نظام آباد : علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد بھی تلنگانہ کے ساتھ ہونے والی نا انصافی او رعدم ترقی کی وجہ سے نقصانات ہورہے ہیں صنعت او رروزگار ودیگر ترقیاتی کامو ں میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے نظام آباد ڈیولپمنٹ سوسائٹی کا قیام آج نیو امبیڈکر بھون میں عمل لا یا گیا اس سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں روزنامہ سیاست کے منیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین علی خان ، سابق وزیر سنتوش ریڈی ، ڈاکٹر پی ونئے کمار ، ڈاکٹر مہیش کے علاوہ تلنگانہ تحریک کے مجاہد آزادی سی ایچ مدھو نے اس پروگرام میں شرکت کی ۔اس موقع پر جناب ظہیر الدین علی خان نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ووٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے لیکن آج کل چند روپیوں کے لئے ووٹ کو فروخت کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ملت کا نقصان ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرا ن ہمیشہ عوام کو راغب کرنے کیلئے چند پالیسیا پیش کرتے ہیں اور ان پالیسیوں سے عوام متاثر ہوجاتی ہے ۔ سیاست منیجنگ ایڈیٹر نے کہا کہ گذشتہ ۷۰؍ سالوں میں نظام آباد کی ترقی نہیں ہوئی ہے لیکن یہاں کے سیاستداں ترقی پاگئے ہیں ۔ انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ جب تک قوم ووٹ فروخت کرتے رہے گی ہم اسی طرح غریبی میں مبتلا رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان امریکہ کی پالیسی اختیار کررہا ہے جس کی وجہ سے یہاں غریبی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں برقی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے اور تلنگانہ میں برقی شرحوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ مسٹر خان نے کہا کہ نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنے کیلئے صنعتوں کا قیام عمل میں لانا نہایت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں لڑکی کی شادی کے بعد خاندان کو معاشی طور پر کمزور ہونا پڑتا ہے ۔ مسٹر ظہیر الدین خان نے کہا کہ سیاستدانوں کا گریبان پکڑ کر سوال کریں تاکہ عوام کی ترقی ہوسکے ۔