حقوق و انصاف کیلئے کانگریس کا ساتھ دینے عوام سے اپیل

ٹی آر ایس نے کسی وعدہ پر عمل نہیں کیا ، کاماریڈی میں انتخابی مہم سے محمد علی شبیر کا خطاب
کاماریڈی :25؍ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کا قیام سونیا گاندھی کی مرہون منت ہے لیکن اس کا ثمرہ کے سی آر اور ان کے خاندان کو مل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار قانون ساز کونسل کے اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر آج کاماریڈی حلقہ کے بی بی پیٹ میں انتخابی مہم کے ایک بڑے جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ محمد علی شبیر بی بی پیٹ پہنچنے پر کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے ان کا زبردست خیر مقدم کیا اور ایک زبردست ریالی نکالی بعدازاں منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا تاریخ ساز کارنامہ ہے کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں لایا ہے محترمہ سونیا گاندھی نے نوجوانوں کی قربانیوں کو نظر میں رکھتے ہوئے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے اس پر عمل کیا ۔ انتخابات میں ٹی آرایس نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور آبی سہولتوں کی فراہمی اور کسانوں کو قرضہ جات کی معافی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا اعلان کیا تھا لیکن ان چیزوں میں کسی پر بھی عمل نہیں کیا گیا ۔ کے سی آر نے ریاست کی عوام کو ڈبل بیڈ روم فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ریاست کے کسی بھی غریب کو ابھی تک ڈبل بیڈ روم فراہم نہیں کیا گیا لیکن چیف منسٹر چندر شیکھر رائو اور رکن اسمبلی کاماریڈی کو عالیشان مکان حاصل ہوگیا ۔ ڈبل بیڈ روم کی تعمیر میں کوئی دلچسپی دکھائی نہیں دی ،اقتدار میں آتے ہی رکن اسمبلی کاماریڈی گمپا گوردھن نے تین منزلہ عالیشان مکان لفٹ کے ساتھ تعمیر کرلیا اور عوام کو فراموش کردیا ۔ مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد کسانوں کو 2لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات ایک ہی وقت میں معاف کئے جائیں گے اور 5لاکھ روپئے سے رہائشی مکانات تعمیر کروایا جائیگا اور ایس سی، ایس ٹی طبقہ کوعلیحدہ ایک لاکھ روپئے دینے کے علاوہ وظائف کی رقم میں بھی اضافہ کیا جائیگااور مستحق تمام افراد کو وظائف فراہم کئے جائیں گے چاہے گھر میں دو یا تین افراد ہوں اس کے باوجود بھی ان تمام افراد کو وظائف فراہم کئے جائیں گے لیکن موجودہ حکومت میں صرف ایک ہی شخص کو وظیفہ دیا جارہا ہے باقی افراد کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی حکومت میں تمام طبقات کے ساتھ انصاف کیا جائیگا انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ آنے والے انتخابات میں کانگریس کا ساتھ دیتے ہوئے کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا گیا تو بہتر ہوگا۔ اس موقع پرسینئر کانگریس قائدین اے راج ریڈی ، وینو گوپال گوڑ، ترمل ریڈی ، اندرا کرن ریڈی ، کے سرینواس ، اشوک ریڈی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔