حیدرآباد۔ 18 جون (سیاست نیوز) جب تک انسان میں انسانیت نہ پیدا ہو، اس وقت تک اسے ’’اِنسان‘‘ کہنا درست نہیں ہے۔ جذبۂ خدمت خلق کے ذریعہ انسان میں انسانیت پیدا ہوتی ہے، اور اس کے ذریعہ اِنسان ایک دوسرے سے محبت کرنے لگتے ہیں۔ مولانا سید بلال عبدالحئی الحسنی الندوی نے آج ’’صفا ویب چیانل‘‘ کا افتتاح انجام دیتے ہوئے اِن خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر منعقدہ مختصر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ کا اگر مطالعہ کیا جائے تو نبی اکرمؐ نے اُمت محمدیہ کو جو درس دیا ہے، اس میں سب سے اہم پیامِ انسانیت ہے۔ انہوں نے مستحقین کو حقوق کی فراہمی کیلئے جدوجہد کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے خاتمہ تک حقدار کو اس کا حق دلوانا ممکن نہیں ہے، اسی لئے کرپشن کے خاتمہ کی جدوجہد میں ہمیں سب سے آگے رہنے کی ضرورت ہے۔ مولانا عبدالحئی نے فرقہ واریت کے خاتمہ کے علاوہ امن و امان کے فروغ کے لئے اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی امن و بھائی چارہ کیلئے یہ ضروری ہے کہ انسانی اقدار کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ خاتم النبیینؐ نے حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی بھی تعلیمات سے سرفراز فرماتے ہوئے اُمت پر جو احسان کیا ہے، اس کا مطالعہ اگر کیا جائے تو آدمی صحیح معنوں میں ’’انسان‘‘ بن سکتا ہے۔ مولانا سید بلال نے حقوق العباد اور حقوق اللہ کے مجموعہ کو یکجا کرتے ہوئے زندگی گزارنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ دونوں حقوق کی ادائیگی کے ذریعہ ہی نجات ممکن ہے۔ انہوں نے آیات قرآنی کے حوالے سے بتایا کہ اللہ تعالیٰ قرآن حکیم میں فرماتے ہیں کہ یتیم کو دھکے دینا، مسکین کو کھانا نہ کھلانا بے دینی میں داخل ہے۔ انہوں نے دینی علوم کو فروغ دینے کیلئے صفا بیت المال کی جانب سے شروع کردہ ویب چیانل ’’صفا چیانل‘‘ کے افتتاح پر مولانا غیاث احمد رشادی کے علاوہ اُن کے معاونین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حسن اخلاق اور ضرورت مند کی بروقت امداد کے ذریعہ جو دین کی خدمت ہوسکتی ہے،
وہ انتہائی بہتر خدمت ثابت ہوتی ہے۔ مولانا نے اس موقع پر نبی کریم ﷺ کے راستے میں کچرہ پھینکنے والی یہودن کا واقعہ بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ محسن انسانیتؐ نے کچرہ ڈالنے والی یہودن کی جانب سے کچرہ نہ ڈالے جانے پر اس کی خیریت دریافت کرتے ہوئے عالم انسانیت کو انسانیت کا لازوال درس دیا ہے۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے اس موقع پر بتایا کہ صفا بیت المال کے آن لائن چیانل پر 24 گھنٹے پروگرامس کا سلسلہ جاری رہے گا جس میں درس قرآن، تلاوتِ قرآن، دینی معلومات، معاشرتی آداب، اخلاقیات کے علاوہ فقہی مسائل پر مبنی پروگرامس شامل رہیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صفا بیت المال مستحقین کی مدد کے لئے ملک گیر سطح پر 9 مقامات سے خدمات انجام دے رہا ہے۔