کراچی ۔13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی ٹیم کا اثاثہ ہیں اور ہمیں فٹ اور ان فارم شاہد آفریدی سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ ورلڈ کپ کا پہلا میچ ہندوستان سے ہے اسے جیت کر ٹورنمنت کا کامیاب آغاز کی کوشش کرینگے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کا زخم سنجیدہ نوعیت کا نہیں وہ فٹ ہوجائیں گے۔ کپتان کی حیثیت سے مجھے فٹ آفریدی چاہیے۔ اسی لئے انہیں وقت دیا گیا ہے۔ فٹنس پاکستان ٹیم کا مسئلہ رہی ہے لیکن ٹیم کی روانگی کے وقت سب کھلاڑی فٹ ہیں۔ ایشیا کپ میں فاسٹ بولرس عمر گل اور جنید خان کی کارکردگی توقعات کے برعکس رہی۔ امید ہے کہ دونوں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ محمد حفیظ نے کہا کہ ہندوستان کیخلاف ہر میچ دباؤ کا حامل ہوتا ہے، خوش آئند بات یہ ہے کہ حالیہ عرصے کے دوران ہم نے انھیں ان کے ملک میں جا کرشکست دینے اور ایشیا کپ میں بھی مات دی ہے۔
ان فتوحات سے کھلاڑیوں کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ ہمارا روایتی حریف سے پہلا ہی میچ ہے، کوشش ہو گی کہ اچھا آغاز کریں ہندوستان کے خلاف میچ فائنل نہیں بلکہ ایک اور کرکٹ میچ ہیتاہم حریف ٹیم میں مہندر سنگھ دھونی،یوراج سنگھ اور سریش رائنا کی واپسی کا ہم پر کوئی دبائو نہیں ہو گا۔ دریں اثناء پاکستانی ٹیم انتطامیہ نے میگا ایونٹ کیلئے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کے مطابق اوپنر شر جیل خان کو ابتدائی میچوں میں پاکستانی ٹیم میں جگہ نہیں ملے گی کیونکہ کامران اکمل اننگز کا آغاز اور وکٹ کیپنگ کریں گے۔ بیٹنگ میں شاہد آفریدی کو مزید ذمہ داری سونپی جائے گی۔ نیز پاکستان کی اننگز کا آغاز احمد شہزاد کے ساتھ کامران اکمل کریں گے۔ کامران اکمل کو وکٹ کیپر کی اصل ذمہ داری دے کر عمر اکمل سے یہ اضافی ذمے داری واپس لے لی جائے گی۔ کپتان محمد حفیظ نمبر3 پر کھیلیں گے۔ جبکہ جونیئر اکمل کو سب سے اہم چوتھے نمبر پر بھیجا جائے گا۔ تاکہ وہ مڈل آرڈر کو استحکام دے سکیں۔ عمر اکمل اس خواہش کا اظہار کرچکے ہیں کہ وہ مڈل آرڈر میں اوپر کھیلنا چاہتے ہیں۔ سابق کپتان شعیب ملک پانچویں اور صہیب مقصود چھٹے نمبر پر آئیں گے۔ شاہد آفریدی ساتویں نمبر پر آئیں گے۔ تاہم ٹیم انتظامیہ نے یہ اصولی فیصلہ کر لیا ہے کہ جہاں بھی کوئی بڑی پارٹنرشپ بنے گی‘ بیٹنگ میں شاہد آفریدی کو اوپر روانہ کردیا جائے گا۔