کراچی۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امکانات روشن ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر محمد حفیظ بولنگ بہتر ہونے کے بعد ورلڈ کپ میں پاکستان کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بولنگ کے لئے دستیاب ہوں گے۔ پی سی بی کی درخواست پر محمد حفیظ کے مشکوک بولنگ ایکشن کادوبارہ تجزیہ6 فروری کو برسبین میں ہوگا۔ حفیظ ورلڈ کپ سے پہلے نیوزی لینڈ کے دونوں میچوں اور ورلڈ کپ میں ہندوستان کے خلاف بولنگ نہیں کرسکیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ذرائع کے بموجب اجازت ملنے کے بعد حفیظ 21فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کرائسٹ چرچ میں ہونے والے میچ میں بولنگ کے لئے دستیاب ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو تحریری درخواست میں کہا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ میں دو ونڈے میچوں کے بعد پانچ،چھ اور سات فروری کو محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا بایو میکنکس ٹسٹ کروانا چاہتے ہیں۔