رائے پور۔ 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) لاہور لائنس کے کپتان محمد حفیظ نے 40 گیندوں میں 67 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم ساوتھرن ایکسپریس کے خلاف چمپیئنس لیگ کے کوالیفائنگ مرحلہ کے ایک اہم مقابلہ میں اپنی ٹیم کو 55 رنز کی کامیابی دلوانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ 164/6 کے تعاقب میں حریف ٹیم 109 رنز پر ڈھیر ہوگئی کیونکہ اعزاز چیمہ 15/3، وہاب ریاض 20/2، عدنان رسول 32/2 نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد لاہور کے اوپنرس نے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرتے ہوئے پاور پلے میں 40 رنز اسکور کئے۔ دریں اثناء بائیں ہاتھ کے اوپنر عمر صدیق نے پاور پلے کے آخری اوور کی آخری گیند پر اپنی وکٹ گنوائی جنہیں پرویز مہاروف نے آوٹ کیا۔ صدیق نے 18 رنز اسکور کئے۔ مہاروف نے 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ حفیظ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آخری 5 اوورس میں ٹیم نے 75 رنز اسکور کئے۔