حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر جویریہ کا ایکشن بھی درست

لاہور ، 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ کیلئے خوشخبری ہے کہ محمد حفیظ کو بولنگ ایکشن کلیئر ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے آئی سی سی نے پی سی بی کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔ آئی سی سی نے آل راؤنڈر محمد حفیظ اور ویمنس کرکٹ کی جویریہ ودود کے ایکشن کو بھی درست قرار دے دیا ہے۔ حفیظ کو ’لائف لائن‘ مل گئی، اور وہ میرپور میں بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ونڈے میں بولنگ کرسکیں گے۔ ممکن ہے یہ لائف لائن ٹیم کیلئے بھی ہو جوسیریز تو گنوا چکی مگر اب اسے رینکنگ کو گرنے سے بچانا ہوگا۔ حفیظ نے 9 اپریل کو چینائی میں بائیو میکانک ٹسٹ دیا تھا جس میں ان کا ایکشن درست قرار پایا۔ آئی سی سی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حفیظ کا بولنگ ایکشن اب قواعد و ضوابط کے مطابق 15 ڈگری کے اندر ہے ۔حفیظ کو چمپینس لیگ میں مشکوک بولنگ کا خاطی پایا گیا تھا۔ اُن کے ساتھ ہی پاکستان ویمن ٹیم کی آل راؤنڈر جویریہ کا ایکشن بھی آئی سی سی نے قانونی قرار دیا ہے جنہیں 2010ء میں گیندبازی سے روک دیا گیا تھا۔

زخمی فنچ آئی پی ایل 8 سے باہر
ملبورن، 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیا کے ٹی ٹوئنٹی کیپٹن آرن فنچ کو ہیمسٹرنگ انجری کے سبب آئی پی ایل کے بقیہ حصہ کے لئے خارج قرار دیا گیا ہے ۔ وہ گزشتہ ہفتہ ممبئی انڈینس کیلئے بیٹنگ کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ وہ 12ہفتوں کیلئے ایکشن سے دور رہیں گے ۔