حفیظ ڈبل سنچری سے پھر محروم ، مکالم کا کرارا جواب

شارجہ ۔ 28 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں رواں ٹسٹ کے دوسرے دن بہتر شروعات کے باوجود اچانک 351 پر ڈھیر ہوگئی جبکہ دن کے اختتام پر برینڈن مکالم کی کپتانی سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 249 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ مکالم نے 145 گیندوں میں 17 چوکوں اور 8 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں ناقابل تسخیر 153 رنز اسکور کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 35 سالہ قدیم ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ نیز کین ولیمسن 96 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 76 رنز اسکور کئے ہیں۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر لیتھم رہے جنھوں نے 13 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر پویلین کی راہ اختیار کی ۔ قبل ازیں پاکستان جس نے پہلے دن کے اسکور 281/3 سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن یکے بعد دیگرے وکٹوں کے زوال نے اسے 350 رنز کے آس پاس ہی محدود کردیا ۔ اوپنر محمد حفیظ اپنے کیرئیر میں دوسری مرتبہ ڈبل سنچری سے محروم رہے تاہم وہ ٹسٹ کا اعظم ترین 197 رنز اسکور کیا ۔ اپنی اننگز کے دوران انھوں نے 316 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 25 چوکے اور 3 چھکے لگائے ۔ یاسر شاہ نے 25 رنز اسکور کئے جو آج پاکستان کی جانب سے دوسرا بہترین مظاہرہ رہا ۔ نیوزی لینڈ کیلئے مارک کریگ نے 94 رنز کے عوض 7 وکٹیں لیں۔