حفاظ کو شاداں گروپ آف ماڈرن اسکولس میں نرسری تا ایس ایس سی تک مفت تعلیم

یتیم اور غریب بچوں کو بھی سہولتیں۔ سلور جوبلی تقاریب سے چیرمین محمد شاہ عالم رسول خان کا خطاب
حیدرآباد۔ 28؍فروری (پریس نوٹ) جناب محمد شاہ عالم رسول خان صدر نشین شاداں ایجوکیشنل سوسائٹی نے شاداں گروپ آف ماڈرن اسکول میں نرسری تا دسویں جماعت حفظ قرآن کے متعلمین‘ یتیم‘ یسیر‘ نادر اور سطح غربت سے نچلی زندگی گذارنے والے خاندانوں کے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کا اعلان کیا اور کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ دراصل ان کے والد محترم ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان مرحوم کے ثواب جاریہ کے لئے لیا ہے جو قوم و ملت کے نونہالوں کو عصری اور روایتی تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے ان میں ناخواندگی کی خاتمہ کی تڑپ رکھتے تھے۔ جناب شاہ عالم رسول خان نے یہ اعلان شاداں گروپ آف ماڈرن اسکولس خیریت آباد برانچ کے 25ویں سالانہ جلسہ (سلور جوبلی) سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر وزارت رسول خان مرحوم نے قوم کے لئے ابتدائی سطح سے لے کر اعلیٰ سطح تک کے تعلیمی مراکز کا جال بچھایا جن میں روایتی تعلیم سے لے کر پیشہ ورانہ تعلیم شامل ہے۔ ان میں کنڈرگارٹن سے لے کر روایتی پوسٹ گریجویشن اور پیشہ ورانہ میں بی ایڈ، ایم بی اے، ایم سی اے، ایم ایس سی، انجینئرنگ انڈر و پوسٹ گریجویٹ، بی فارمیسی اور ایم فارمیسی کے علاوہ میڈیکل کالجس قابل ذکر ہیں جو جنوبی ہند میں تعلیمی انقلاب کی ایک زندہ اور عملی مثال ہے جس کی شاید ہی ملک میں مثال ملتی ہو۔ ڈاکٹر صاحب مرحوم کی یہ خدمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ جناب شاہ عالم رسول خان نے اس خیال کا بھی اظہار کیا کہ معاشرہ کی سدھار کے لئے ابتدائی تعلیم کے ساتھ ادب و اخلاق کی تربیت بھی ناگزیر ہے مگر ذہن اور کردار سازی کے ساتھ ساتھ کمیونیکیشن اسکلس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور ادارہ کے طلبہ کی تعلیمی، سائنس فیئر و اسپورٹس کے میدانوں میں بہتر کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوئے اسکول پرنسپل، اساتذہ اور عملے کی خدمات کی ستائش کی۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم ہو کہ کھیل کود کا میدان ہر جگہ اپنے وجود کا احساس دلائیں۔ اگر عزم ہو تو کسی بھی چیز کا حصول ناممکن نہیں ہے۔ اس لئے ہمیں احساس کمتری میں مبتلا ہونے کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔ پروفیسر احمد اللہ خان وائس چیرمین اکیڈیمکس پی سی ایم بی نے کہا کہ اسکولس قائم ہوئے 25سال کا عرصہ بیت گیا جو کسی بھی اسکول کی زندگی کا ایک اہم سنگ میل ہوتا ہے۔ اس کو کامیابی کے ساتھ شہرت کی بلندی پر پہنچانے والے ہر ایک رکن کو مبارکباد دی اور وہ بجا طور پر اس کے مستحق بھی ہیں۔ جناب رحمن شریف نے خوشی و مسرت کا اظہار کیا کہ انہیں ڈاکٹر صاحب کی جانب سے قائم کردہ ادارہ کی سلور جوبلی تقریب میں شرکت کا موقع ملا ہے جو ان کے لئے ایک اعزاز سے کم نہیں ہے جہاں اقلیتوں کے علاوہ غیر اقلیتی طلبہ بھی تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔ محترمہ تسنیم بانو پرنسپل شاداں گروپ آف ماڈرن اسکولس خیریت آباد برانچ نے اسکول کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ گذشتہ سال یعنی 2013-14 دسویں جماعت کا نتیجہ صدفیصد رہاجس میں سیدہ نبیلہ فاطمہ 10.0 اور سلویٰ سحر نے 9.8 گریڈنگ حاصل کئے جو قابل مبارکباد ہیں جن کو مہمانان خصوصی سے دونوں ٹاپرس کو ایوارڈس اور توصیفی سند سے نوازا۔ جاریہ تعلیمی سال CCE طرز تعلیم کا آغاز کیا گیا ہے اور طلبہ کی تعلیم پر خصوصی توجہ کی اعتراف میں اساتذہ کو ایوارڈس اور توصیفی نامہ سے نوازا جاتا ہے۔پرنسپل نے بتایا کہ یوم اطفال کے موقع پر طلبہ میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لئے تحریری‘ تقریری مقابلے‘ ڈرائنگس، پینٹنگس، Running Race ، کبڈی، کھوکھو، بڑی جماعتوں کے لئے اور نرسری اور UKG تک فراگ ریس، لیمن اسپون ریس اور فینسی ڈریس مقابلے منعقد کئے جاتے ہیں ۔ اس موقع پر جناب احمد اللہ خان وائس چیرمین اکیڈیمکس پی سی ایم بی ، جناب رحمن شریف او ایس ڈی، محمد اعظم پبلک ریلیشن آفیسر، شاداں گروپ آف تعلیمی ادارہ جات کے علاوہ اساتذہ، طلباء و طالبات و اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔