حضور ؐکے دائرہ رحمت میں انسانوں کے ساتھ تمام مخلوق ، مظاہر اور اشیاء سب شامل ہیں

آئی ہرک کا جشن میلاد النبی ؐ،ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی،پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی اور دیگر کے خطابات

حیدرآباد ۔۱۱؍نومبر( پریس نوٹ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم باعث تخلیق کائنات ہیں حضوراکرم ؐ کی میلاد مبارک تمام آدمیت پر بالخصوص اہل ایمان پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم اور اس کی عطا کردہ نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت ہے۔ حضور اکرم محمد مصطفی ؐ تمام انسانوں کی ہدایت کے لئے رسول اور سارے جہانوں کے لئے رحمت بن کر اس جہان رنگ و بو میں رونق افروز ہوے ہیں اور حضورؐ کے سر مبارک پر اللہ تعالیٰ خاتم النبیینی کا تاج رکھا اور اپنا آخری پیام حق قرآن مجید نازل فرما کر آسمانی ہدایات کے سلسلہ کو مختتم کردیا حضور انور محمدؐ مصطفی خاتم النبیین ہیں اوراب صبح قیامت تک نہ کوئی نبی آے گا اور نہ وحی کا نزول ہوگا۔رسول ؐرحمت کے وجود با برکت سے خسف اور مسخ کے عذاب موقوف ہو گئے۔ حضور انورؐ کی حیات مبارکہ حق و صداقت، یقین و توکل، خیر و فلاح اور تعلیم و ہدایت سے عبارت اور بلا لحاظ رنگ و نسل، قوم و قبیلہ ، ملک و وطن، علاقہ و زبان، تہذیب و معاشرت، زمان و مکان سبھی کے لئے رہنما اور نمونہ عمل ہے رسول اللہ ؐ کی عظمت و رفعت، شان و بزرگی اور مقام و مرتبہ کا احاطہ کرنا اور ان کی حقیقتوں کو پوری طرح سمجھنا اور بیان کرنا انسانی بس سے باہر ہے اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ؐ کو معجزہ عظمیٰ قرآن مجید اور معراج کی منزلت سے سرفراز کیا۔ حضور اقدسؐ کی تعلیمات مبارکہ کا سرنامہ توحید ہے۔ اللہ وحدہ لاشریک معبود حقیقی کی عبادت اور اطاعت، حقوق کی ادائیگی، فرائض کی تکمیل، عمدہ معاملات، اعلیٰ اخلاق، صداقت و امانت داری، نیکی و بھلائی اور احترام آدمیت رسولؐ اللہ کی روشن و منور تعلیمات ہیں۔ ان خیالات کا مجموعی طور پر اظہار کرتے ہوے سادات محترم، مشائخ عظام، علمائے کرام، دانشوران گرامی اور ریسرچ اسکالرس نے آج اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا)آئی ہرک کے زیر اہتمام منعقدہ ۲۹ویں سالانہ جشن میلاد رحمۃ للعلمین ؐ کے موقع پر جامع مسجد محبوب شاہی مالاکنٹہ معظم جاہی مارکٹ میں عاشقان رسالت مآب ؐ کے کثیر اجتماع سے خطاب کیا ۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین قادری شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے نگرانی کے فرائض انجام دئیے۔ صبح دس بجے قرآء ت کلام پاک سے جشن میلاد کا آغاز ہوا۔ نعت شہنشاہ کونین ؐ اور قصیدہ بردہ شریف پیش کیا گیا۔پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے خطبہ استقبالیہ دیا اور بزبان انگریزی بعنوان ’’اطاعت و محبت نبوی ؐ ‘‘ اپنے خطاب میں کہا کہ رسول اللہ ؐ کی ولادت با سعادت کی مسرت میں منعقدہ محفلوں اور جلسوں میں شریک ہونا پسندیدہ عمل اور سعادت عظیم ہے۔ رسول اللہؐ کی سیرت طیبہ کو نمونہ عمل بنانے کا قرآن حکیم نے حکم دیا ہے ۔ اتباع سنت میں ہی اہل ایمان کے لئے دنیا و آخرت کی بھلائی مضمر ہے۔ سنتوں کو اپنانا عشق رسولؐ کی علامت ہے۔ انھوں نے آیات جلیلہ اور احادیث شریفہ کے حوالوں سے محبت و اطاعت رسول اللہ ؐ کے حقائق پیش کئے ۔ مولانا ڈاکٹر سید شاہ محمد عبد المعز قادری شرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دور حاضر میں ایک خوش آئند بات بالخصوص نوجوانوں کا دین کی طرف سنجیدہ رجحان ہے سیرت پاک کے مطالعہ اور سنتوں کے موافق زندگی کو ڈھال لینے کا جذبہ میلاد النبیؐ کی ایسی بامقصد محفلوں سے پروان چڑھتا ہے۔ امت مسلمہ اطاعت حق تعالیٰ اور محبت و اتباع رسول کریم ؐ کے ذریعہ دنیا کو دکھا دے کہ عبادات، معاملات اور اخلاق و کردار کے لحاظ سے غلامان حبیب کبریاؐ بڑا بلند درجہ رکھتے ہیں کہ دنیا ان کا چلن اپنانے کی تمنا کرتی ہے۔مولانا سید شاہ محمد کاظم محی الدین شرفی اور صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے بھی خطاب کیا۔ مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی معاون ڈائریکٹر آئی ہرک نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے انبیاء سابقین کو جن خصائص اور معجزات سے انفرادی طور پر ممتاز فرمایا تھا اپنے فضل و کرم سے ان سارے خصائص اور معجزات کو اپنے حبیب ؐ میں یکجا فرمادیا حضور ؐ تمام خوبیوں اور کمالات کے جامع اور رفیع الشان محبوب حق تعالیٰ ہیں۔ میلاد النبیؐ کی خوشیاں منانا در حقیقت اللہ تعالیٰ کے انعام عظیم کی شگر گزاری، محبت رسول ؐ کی نشانی اور سنت نبویؐ پر عمل پیرائی ، عہد و پیمان کا جذبہ صادق اور خیر و برکت و سعادت کا موجب ہے۔جس کام میں رضاے حق تعالیٰ اور اتباع رسولؐ ہو اسے انجام دینا دارین میں سرخروئی کا سبب ہے۔ انھوں نے آئی ہرک کی خدمات کا ذکر کمسن مقررین صاحبزادہ سید محمد علی زین العابدین حمیدی، صاحبزادہ سید محمد علی باقر حمیدی، صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ کاظم حمیدی اور صاحبزادہ سید محمد علی جعفر صادق حمیدی نے بہ زبان انگریزی اپنی تقاریر پیش کیں۔ سب سے آخر میں نگران جشن ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب رحمۃ للعلمینؐ کے سر پر رحمت کا تاج رکھ کر اپنی تمام مخلوقات کو حضورؐ سے وابستہ فرما دیا۔ رسول اللہ ؐ وجہ رحمت بھی ہیں اور سرتا سر رحمت بھی۔ سرکار دو عالمؐ نے شرک و کفر کے اندہیروں میں گھرے ہوے انسانوں کو ایمان و اسلام کے انوار سے مالا مال کر کے فخر زمانہ بنا دیا مساوات ، عدل، خیر، اخلاق، ددرمندی اور نیکی و بھلائی کی عملی تعلیم کے ذریعہ امن و سلامتی کو دائماً قائم فرما دیا۔ ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک و نیز صلہ رحمی، پڑوسیوں ، احباب،اقرباء بلکہ جملہ انسانیت کے حقوق کی ادائی کا درس دیا۔ انھوں نے کہا کہ آقاے دو جہاںؐ نے اپنی تعلیمات کا خود عملی نمونہ پیش فرما کر ساری دنیا بالخصوص اہل ایمان کے لئے عمل صالح کی انجام دہی کو ممکن اور آسان بنا دیا۔ رسول اللہؐ سے محبت اور سچی وابستگی ہی میں ایک مومن کے لئے عزت اور دارین کی بھلائی اور نجات مضمر ہے۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے آئی ہرک کی دینی، علمی اور تحقیقی کارکردگی کے ’۲۹‘سال مکمل ہونے پر، ’۱۳۲۸‘ ہفتہ واری تاریخ اسلام اجلاسوں کے انعقاد ، مختلف دینی و علمی موضوعات پر جملہ ۲۰۵ مذاکرات کے اہتمام کے شرف حاصل ہونے پر بارگاہ رب العزت میں نہایت عجزوانکسار کے ساتھ شکر ادا کیا اور ان تمام خدمات کے ضمن میں حوصلہ و کامیابی کو محض آقاے دوجہاں حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی توجہات ، کرم خاص، صدقہ و طفیل و نیز التفات اور فیضان سرمدی کا نتیجہ قرار دیا۔