محبوب نگر۔/15فبروری، ( فیکس ) مقامی ناظمہ خواتین جماعت اسلامی ہند محبوب نگر کی رپورٹ کے بموجب 13فبروری بروز جمعرات الماس فنکشن پیالیس رامیا باؤلی محبوب نگر میں جلسہ سیرت النبیؐ زیر نگرانی محترمہ ناصرہ خانم معاون ناظمہ خواتین جماعت اسلامی ہند ( کل ہند ) و ناظمہ خواتین آندھرا پردیش و اڑیسہ منعقد ہوا۔ جلسہ کا آعاز محترمہ نسیم سلطانہ کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ محترمہ رفعت سلطانہ نے افتتاحی کلمات کے ساتھ جماعت کا تعارف کروایا۔ مقامی ناظمہ فرزانہ بیگم نے بعنوان’’ اطاعت کرو اللہ کی اور اطاعت کرو رسولؐ کی ‘‘ اپنے خیالات کا اظہار کیا۔’’ حب رسول ؐ ‘‘ پر محترمہ معراج سلطانہ ناظمہ خواتین ضلع محبوب نگر( مغرب) نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری زندگیوں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے اصولوں اور بتائے ہوئے راستوں اور طریقوں پر چل کر اپنی محبت کا اظہار کرنا چاہیئے۔ مہمان مقرر محترمہ سیدہ ارجمند رضوی ممبر مشاورتی کمیٹی جماعت اسلامی ہند اے پی نے ’’ رسول اللہ ؐ کی سیرت قرآن کی روشنی میں ‘‘ پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت تا قیامت تمام انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ محترمہ ناصرہ خانم نے اپنی صدارتی تقریر میں حضور اکرم ؐ سے محبت کے تقاضے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ کے مطابق ہم اپنی زندگی کو ڈھال لیں اور ہم اپنی زندگی کے ہر شعبہ میں آپؐ کے اسوہ کو جاری و ساری کرلیں۔ محترمہ نے اپنی تقریر کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نوجوان لڑکیوں اور خواتین میں پردہ اور ستر کس طرح کا ہونا چاہیئے اس پر سیر حاصل معلومات سے جلسہ گاہ کو آگاہ کیا۔ جلسہ کی کارروائی محترمہ شاہین سلطانہ نے چلائی۔اس موقع پر خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔