حضورؐ کی سنتوں پر عمل آوری ناگزیر

محبوب نگر ۔ 17جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضور اکرمﷺ سے اظہار محبت و عقیدت کے ساتھ آپﷺ کی سنتوں پر عمل آوری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ البتہ رب العالمین نے حضور اکرم ﷺ کی کامل اتباع ہی میں اپنی محبت ورضا کو پوشیدہ رکھا ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد عبدالحکیم اشرف جنیدی گلبرگہ شریف نے مرکزی میلاد کمیٹی محبوب نگر کے زیراہتمام بارگاہ حضرت سید مردان علی شاہ قادری ‘ شاہ صاحب گٹہ میں منعقدہ مرکزی جلسہ میلاد النبیﷺ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا سید آل مصطفیٰ قادری الموسوی حیدرآباد نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اللہ وحدہ لا شریک لہ نے حضورﷺ کے نورمبارک سے ساری کائنات کو وجود بخشا اور فرمایا کہ ائے محبوب اگر آپ کو پیدا کرنا مقصود نہ ہوتا تو کائنات ہی کو پیدا نہ کرتا ۔ مولانا حافظ خواجہ فیض الدین نقشبندی عالم فاضل جامعہ نظامیہ نے کہا کہ

آپﷺ کی میلاد کے موقع پر خوشیوں اور جشن کا اہتمام ہر دور میں ہوتا رہا ہے ‘ میلاد النبیﷺ سے متعلق خود اسلاف کے مستند و معتبر اقوال و احوال اس امر کے شاہد ہیں اور یہ سلسلہ انشاء اللہ ہر دور میں جاری و ساری رہے گا ۔ صدر کمیٹی جناب محمد مظہر حسین قادری نے تعارفی کلمات پیش کئے ‘ مہمان نعت خواں مولانا سید احمد حسینی و سید عمران مصطفیٰ قادری نے نعت سنائی ۔ جناب محمد ابراہیم نقشبندی نے فرائض نظامت انجام دیئے ۔ اس موقع پر جناب عبید اللہ شریف ‘ خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ ‘ محمد رفیق احمد قادری‘ خواجہ قطب الدین ٹیچر ‘ میر شعیب علی ‘ محمد ذکی جرنلسٹ ‘ امتیاز اسحاق‘ سید ابراہیم ‘ عبید اللہ کوتوال ‘ سید تقی الدین ‘ محمدتقی حسین تقی ‘ قاضی غوث محی الدین قادری ‘ عبدالعزیز مخدوم ‘ محمد الیاس مجاہد کاظمی ‘ جہانگیر پاشاہ کاظمی ‘ محمد مظہر ٹیچر ‘ محمد حفیظ چشتی کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ نگران جلسہ سید عبدالرزاق شاہ قادری کی دُعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔