حضورؐ کی خاطر اللہ تعالیٰ نے کائنات بنائی

حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : حضور نبی اکرم ﷺ کی خاطر اللہ تعالی نے کائنات بنائی ، آپ ہی کے دم قدم سے گلوں میں رعنائی ہے ہواؤں میں خنکی ہے پھولوں میں خوشبو ہے ، سمندروں میں لہریں ہیں اور ان حقائق کا اظہار انسانیت کے ہر دور میں ہر نبی کے زمانہ میں ہوتا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سرپرست جلسہ مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری صدر کل ہند جمعیتہ المشائخ نے نور منشن ملک پیٹ میں زیر صدارت مولانا سید شاہ احمد نور اللہ حسنی حسینی قادری متولی و سجادہ نشین ٹیکمال منعقدہ جشن استقبال ماہ ربیع المنور سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے مزید کہا کہ حضور اکرم ﷺ کا چرچا آپ کی اس دنیا میں تشریف آوری سے قبل بھی جاری تھا ، دنیا میں موجودگی کے دوران بھی جاری رہا اور ظاہری طور پر پردہ فرمانے کے بعد بھی جاری و ساری رہے گا ۔ آپ ہی کے طفیل حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی ، آپ ہی کی وجہ نوح علیہ السلام کی کشتی جودی پہاڑ پر آکر رُکی ، آپ ہی کا نور تھا جس نے نار نمرود کو ابراہیم علیہ السلام کے لیے گلزار بنادیا ۔

آپ ہی کا احسان ہے کہ بھٹکتی ہوئی انسانیت راہ راست پر آگئی اور آپ ہی کے صدقہ و طفیل ہمیں خیر امت کا لقب اللہ تعالی نے عطا فرمایا ۔ دوران جلسہ حضور سیدنا غوث اعظم پیران پیرؒ کی تصنیف ’ اوراد قادریہ حصہ اول ‘ کے تیسرے ایڈیشن کی رسم اجراء جلسہ کے مہمان خصوصی حضرت سید خواجہ غیاث الدین چشتی نے انجام دی ۔ اوراد و وظائف پر مشتمل اس تصنیف کا اردو میں ترجمہ قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری نے کیا ہے ۔ مولانا سید مرتضی علی صوفی حیدر قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم حضور اکرم کی میلاد کے استقبال کے طور پر جشن مناتے ہوئے حضور کی سیرت بیان کررہے ہیں ۔ آپ کے اخلاق عظیمہ کا تذکرہ کررہے ہیں ۔ آپ کی عظمت بیان کررہے ہیں اور آپ سے محبت و وارفتگی کا اظہار کررہے ہیں جو صحابہ کرام کی عین سنت ہے ۔ مولانا سید شاہ مصطفی سعید قادری نے کہا حضور اکرم ﷺ رحمتہ للعالمین ہیں وہ جس عالم میں چاہیں جاسکتے تھے

لیکن یہ آپ ہی کی مہربانی تھی کہ آپ نے اس عالم کو پسند فرمایا جس عالم میں اللہ تعالی نے ہمیں پیدا ہونے کا شرف بخشا ۔ اس موقع پر علماء و مشائخ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ جلسہ کا آغاز تلاوت کلام پاک اور بارگاہ رسالت مآبﷺ میں ہدیہ نعت کے ساتھ ہوا ۔ حضرت سید خواجہ غیاث الدین چشتی کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔ جناب وسیم چشتی نے جلسہ کی کارروائی چلائی ۔۔