حضرت ٹیپو سلطان شہید کی قربانی یادگار

دفتر مسلم حقوق پوراٹا سمیتی محبوب نگر میں جلسہ کاانعقاد
محبوب نگر /14 دسمبر(ذریعہ ای میل)ملک کی جدو جہد آزادی کے لئے اپنی جان و مال اوراولاد کی تک قربانی دینے والے شیرِ میسور حضرت ٹیپو سلطان ؒکی ۲۶۴ویں یوم پیدائش کے موقع پر دفترمسلم حقوق پوراٹا سمیتی پر ایک یادگاری جلسہ منعقد کیا گیا۔جس میں بحیثیت مہمانانِ خصوصی بانی سمیتی محمد تقی حسین تقی ،محمد محسن خان کنوینر کل جماعتی مسلم قائدین رابطہ کمیٹی ،محمد صمد خان (تلگو دیشم)مرزا قدوس بیگ(مسلم لیگ)محمد عبدالرحیم(محبوب نگر فاونڈیشن) شیخ عبداللہ،مولانا ادریس(ٹی۔آر۔ایس)نے شرکت کی اور محمد ابراہیم قادری کنوینر سمیتی نے جلسہ کی صدارت کی۔مہمان مقررین نے اپنے خطابات میں حضرت ٹیپو سلطان شہید ؒکو جدو جہد آزادی کا علمبردار قرار دیا ۔انہوں نے نہ صرف اپنی سلطنت اپنی جان بلکہ اپنی اولاد کو بھی ملک پر قربان کردیا۔اس وقت سارے ملک پر جہاں فرنگیوں نے قبضہ کر لیا تھا مگر جنوبی ہندمیں وہ اپنے قدم جمانے میں ناکام تھے اور اسکی ایک ہی وجہ حضرت ٹیپو سلطان ؒ ہی تھے جنہوں نے کئی معرکوں میں انگریزوں کو بْری طرح شکست سے دو چار کردیا تھا ۔ٹیپو سلطان ؒ اپنی آخری سانس تک ملک سے انگریزوں کو مار بھگانے کی کوشش کرتے رہے اور آخری سانس تک لڑتے لڑتے اپنی جان ملک پر نچھاور کردی۔مقررین نے اپنی مخاطبت میں حضرت ٹیپو سلطان شہیدؒ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس پروگرام میں دیگر قائیدین محمد دستگیر،محمدرحمت،اور رگھو یندر وغیرہ موجود تھے۔