نظام آباد:16؍ مئی ( محمد جاوید علی)ریاستی وقف بورڈ کی زیرنگرانی 1980ئـ کے دہے میں درگاہ حضرت سید سعداللہ حسینیؒ (بڑا پہاڑ) کے تحت نظام آباد شہر میں قائم کردہ حضرت سید سعد اللہ حسینی آئی ٹی آئی کا دوبارہ قیام وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مسلم اقلیتی طبقہ کے طلباء کو مختلف ہنر سے آراستہ کرتے ہوئے روزگارکاحامل بنایاجاسکے۔ مہیش کمار گوڑ حلقہ اسمبلی نظام آباداربن کانگریس پارٹی انچارج نے محمد ماجد خان سابق صدر ضلع وقف کمیٹی وسنیئر قائد کانگریس پارٹی اورحضرت سید سعد اللہ حسینی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی زیر نگرانی جمعہ کی شب قلعہ روڈ پر منعقدہ تصویری نمائش کا افتتاح عمل میں لاتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے حضرت سید سعد اللہ حسینی آئی ٹی آئی کے دوبارہ آغاز کیلئے چلائی جارہی مہم کی ستائش کرتے ہوئے ریاستی حکومت اور وقف بورڈ سے پرزور مطالبہ کیا کہ آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل سعد اللہ حسینی آئی ٹی آئی کا دوبارہ آغاز کرنے کے تیز رفتار اقدامات کئے جائیں۔ تصویری نمائش کے موقع پر ڈی سی سی ٹاؤن صدر کیشو وینو ، محمدعبدالقدوس فلور لیڈر، ایم اے قیوم (این آر آئی) مرز افضل بیگ ، نظیر الدین اجو،عبدالقادر ساجد،عبدالمنان، محمد اکبر کے علاوہ دیگر کئی قائدین موجود تھے۔