حضرت جہانگیر پیراںؒ کے سہ روزہ عرس کا آغاز

شادنگر ۔ 16 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) روح دکن حضرت سیدنا جہانگیر پیراںؒ کی سہ روزہ عرس تقاریب کا ریاستی وقف بورڈ کی نگرانی میں آغاز عمل میں لایا گیا۔ مراسم صندل مالی تقاریب میں رکن اسمبلی شاد نگر چولہ پلی پرتاپ ریڈی، سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی کنٹونمنٹ سکندرآباد ڈاکٹر پی شنکر راؤ، حضرت جہانگیر پیراںؒ آئی ٹی آئی سکریٹری محبوب نگر سید تقی الدین، شاد نگر تعلقہ انچارج ٹی آر ایس وائی انجیا یادو اور دیگر نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ مراسم صندل مالی تقاریب کا آغاز حافظ محمد فریدالدین کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ مولانا محمد صابر حسین نے بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ بعدازاں محفل سماع کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ مراسم صندل مالی تقاریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے دستار بندی و گلپوشی کی گئی۔ صندل مالی جلوس نیاز خانہ درگاہ شریف سے برآمد ہوکر قبل از مغرب درگاہ شریف پہونچا۔

ریاستی وقف بورڈ کے ذمہ داران کی نگرانی میں مراسم صندل مالی کی رسم انجام دی گئی۔ اس موقع پر مہمان قائدین نے درگاہ شریف پر چادر گل پیش کیا۔ حافظ محمد سعیدالدین خطیب مسجد درگاہ نے سلام پیش کیا اور دعا کی۔ بعدازاں رکن اسمبلی شاد نگر چولہ پلی پرتاپ ریڈی نے اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درگاہ شریف میں بلالحاظ مذہب و ملت کروڑہا زائرین حاضری دیتے ہیں۔ زائرین کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں ریاستی وقف بورڈ کی ناکامی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے برہمی ظاہر کی۔ انہوں نے درگاہ شریف کی ترقی کے سلسلے میں وقف بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کو توجہ دلانے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر عہدیداران وقف بورڈ کی درگاہ شریف کے متعلق عدم توجہی پر شدید برہمی کا اظہار کررہے تھے۔ اگر وقف بورڈ درگاہ شریف کی ترقی کی طرف عدم توجہ سے زائرین کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔

زائرین کو عدم سہولت کی وجہ سے وقف بورڈ کی سالانہ آمدنی بھی کم ہونے کا اندیشہ ہے۔ ریاستی وقف بورڈ فوری اس جانب توجہ مبذول کرتے ہوئے بنیادی سہولتیں فراہم کرے۔ اس موقع پر مارکٹ کمیٹی چیرمین یادیا، محمد علی خاں بابر، عثمان قادری، اگنورشوم ، محمد سردار پاشاہ ، محمد صادق علی، سنیل گوڑ ، محمد خالد، محمد خواجہ، مسعود خاں کے علاوہ دیگر معزز مہمان شریک تھے۔ مراسم صندل مالی کے موقع پر رورل سرکل انسپکٹر گنگا دھر کی نگرانی میں پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا۔