حصول علم کیلئے سخت محنت و جستجو کا مشورہ

اردو میڈیم طلبہ میں یونیفارم کی تقسیم، محمد عفت حسین و دیگر کاخطاب
سرپور ٹاؤن ۔ 15 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرپور ٹاؤن مستقر کے گرلز اپر پرائمری اسکول اردو میڈیم کے طالب علموں میں یونیفارم کی تقسیم سے متعلق خصوصی اجلاس کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پر منڈل پریشد صدر محترمہ ریکھا ستیہ نارائن اور اسکول مینجمنٹ کمیٹی چیرمین (SME) اردو میڈیم محمد عفت حسین ، سابقہ ڈپٹی سرپنچ مہیش ، ڈسٹرکٹ ڈائرکٹر بی بڑاری این ستیہ نارائن ، ہیڈ ماسٹر عطاء الرحمن ، عزیز خان اور بچوں کی کثیرتعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر منڈل پریشد صدر ریکھا ستیہ نارائنہ اور اردو میڈیم این ایم سی چیرمین محمد عفت حسین نے کہاکہ تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے کہ زندگی کے ہر شعبہ میں کام آتا ہے ۔ انھوں نے خوب محنت اور جستجو کے ذریعہ تعلیم حاصل کرنے کامشورہ دیا ۔ انھوں نے اردو میڈیم طالب علموں سے کہاکہ اردو میڈیم کی تعلیم کو کبھی کمزور نہیں سمجھنا چاہئے کیونکہ اسی اردو میڈیم تعلیم سے ہندوستان کی آزادی میں اہم رول ادا کرنے والے اور آزادی کے بعد پہلے وزیرتعلیم مولانا ابوالکلام آزاد نے بھی اردو میڈیم تعلیم حاصل کی تھی۔ اس لئے تعلیمی قابلیت حاصل کرتے ہوئے اپنے گاؤں اور والدین کے ساتھ ساتھ ٹیچرس کے نام کو روشن کرنے کامشورہ دیا گیا ۔ بعد ازاں گرلز اپر پرائمری اسکول اردو میڈیم اور تلگو میڈیم اسکولوں کے بچوں میں مفت میں یونیفارم کی ایس ایم سی چیرمین محمد عفت حسین ، منڈل پریشد صدر ریکھا ستیہ نارائنہ کے ہاتھوں تقسیم عمل میں آئی ۔