یلاریڈی۔/30مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلا ریڈی مستقر پر مدرسہ انوارالعلوم عباسیہ ملحقہ جامعہ نظامیہ کے سالانہ جلسہ سے علمائے دین نے اپنے بصیرت افروز خطاب سے علم دین کی اہمیت اور اس کی شدید ضرورت پر روشنی ڈالی۔ مولانا محمد ابوالحسن علی رضوی القادری بانی جامعہ غوثیہ رضویہ لنگم پیٹ نے کہا کہ مسلمانوں کو علم دین حاصل کرنے میں آئے دن رجحان گھٹتا جارہا ہے، جس سے مدارس میں صرف غریب طبقہ کے طلباء کی کثرت نظر آرہی ہے۔ دنیاوی اعلیٰ تعلیم پر لاکھوں روپیہ صرف کرنے میں مسلمان پیش پیش رہتے ہیں۔ لیکن مفت دینی تعلیم سے آراستہ نہ کروانے کا خیال تک نہیں کرتے جبکہ دینی تعلیم سے دنیا و آخرت میں مکمل کامیابی یقینی ہے۔ آج کے دور کے مسلمان اس سچائی کو قبول کرنے تیار نہیں ہیں۔ جس سے دینی مدارس میں صرف غرباء کے بچے ہی علم دین سے آراستہ ہورہے ہیں اور امراء اس تعلیم کو اپنے بچوں کو دلوانے کیلئے کمتری محسوس کررہے ہیں جبکہ اسلام اور شریعت سے واقفیت کیلئے علم دین حاصل کرنا ضروری ہے۔ مسلمان اپنے لخت جگر کو ڈاکٹر، انجینئر بنانے میں لگاہے مگر ایک عالم، حافظ بنانے میں اسے دلچسپی نہیں، روز قیامت عالم دین، حافظ کا جو مقام ہوگا اس کے والدین کا جو مقام ہوگا، یہی ڈاکٹر یا انجینئر کے حاصل نہ ہوسکے گا۔ پھر بھی غفلت و لاپرواہی کا سلسلہ جاری ہے۔ علم دین سے دن بہ دن دوری لمحہ فکر سے کم نہیں۔
دینی مدارس کو قائم کرنے کیلئے ہمارے بزرگوں اور علماء نے کیا کچھ محنت نہیں کی لیکن اج ان ہی مدارس سے مسلمانوں کی دوری بدبختی سے کم نہیں۔ مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری شیخ العقائد جامعہ نظامیہ نے اپنے دل افروز خطاب میں حفاظ، علماء کے مراتب پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کے بلنددرجات کو بیان کیا۔ دینی مدارس اسلام اور اس کے دین کو پھیلانے کا بہترین ذریعہ ہیں اور اس سے مسلمانوں کو استفادہ کرتے ہوئے دنیا و آخرت کو سنوارنا چاہیئے۔ اسلامی تعلیمات میں دنیا کو پرامن ماحول فراہم کرسکتے ہیں۔ اسلام کے دامن سے ہی امن و امان کا پیغام نکلتا ہے۔ دینی تعلیم سے عدم وابستگی سے ہی دشمنان اسلام ہمیں گمراہ و تباہ کرنے کا منصوبہ بناکر کامیابی حاصل کررہے ہیں۔ دین سے دوری مسلمانوں کیلئے تاریک مستقبل کے سوا کچھ نہیں۔ دینی مدارس کو آباد کرکے علم دین سے مسلمانوں کی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ دینی مدارس ہمارے لئے انمول خزانہ ہیں جس کو آباد کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر مقامی نعت خواں نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں نعت پاک سنانے کی سعادت حاصل کی۔ نظامت کے فرائض جناب سجاد اشرف رضوی القادری نے انجام دیئے۔ جلسہ رات دیر گئے سلام و دعاء کے بعد اختتام کو پہنچا۔