ورنگل 18 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ میں روزنامہ سیاست کی جانب سے چلائی جارہی 12 فیصد تحفظات مطالبہ کی تحریک میں تمام مسلمان متحدہ جدوجہد کرتے ہوئے تحفظات کو یقینی بنائیں۔ سیاست، مسلم امپاورمنٹ تحریک سے تلنگانہ کے تمام مسلمان آپسی اختلافات کو دور کرتے ہوئے اس تحریک میں شامل ہوجائیں۔ روزنامہ سیاست کی تحریک کو سارے تلنگانہ کے مسلمانوں کی تائید حاصل ہورہی ہے۔ ورنگل کے مختلف مکاتب فکر کے جناب محمد یوسف، محمد اقبال علی صدر وقف پراپرٹی پروٹیکشن کمیٹی ورنگل، محمد مجاہد صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا ورنگل، محمد کاظم علی صوبیداری ورنگل، محمد شرف الدین محمودی، عثمان اقبال نائب صدر ہدایت ایجوکیشنل سوسائٹی ورنگل، محمد اقبال درد نائب صدر ادارہ ادب اسلامی ورنگل، محمد عبدالخالق سابق بورڈ ممبر اردو اکیڈیمی آندھراپردیش، مولانا فصیح الدین قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ روزنامہ سیاست مسلم تحفظات کے لئے جو تحریک کا آغاز کیا ہے اس کو ساری ریاست میں تائید حاصل ہورہی ہے۔ مسلمان ایک ہوکر جہد مسلسل کے ذریعہ یقینی طور پر تحفظات حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ تحریک نہ تو کسی پارٹی کی تائید میں ہے اور نہ ہی کسی پارٹی کی مخالفت کررہی ہے بلکہ صرف اور صرف تلنگانہ کے مسلمانوں کو تحفظات کے لئے مثبت کوشش ہے۔ ورنگل کی تمام تنظیموں ، علمائے کرام، دانشوران قوم کے درخشاں مستقبل کے لئے سرگرم ہونے کی شدید ضرورت ہے۔ ورنگل میں گزشتہ منعقدہ گول میز کانفرنس کے بعد مسلمانوں میں حصول تحفظات کے لئے ایک نئی سوچ و فکر پیدا ہوئی۔ اس تحریک کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ملازمتوں کے لئے اعلامیہ جاری ہونے والا ہے۔ ہم سب مل کر اس سے قبل تحفظات کو یقینی بنانے کے لئے متحدہ جدوجہد کرنا چاہئے تاکہ بی سی کمیشن کی سفارشات کے ذریعہ 12 فیصد تحفظات پر عمل آوری کے لئے تلنگانہ حکومت پر دباؤ ڈالا جاسکے۔ یہ تحریک کسی ایک کی تحریک نہیں ہے بلکہ تمام مسلمانوں کی تحریک ہے اور اس تحریک کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں بلکہ مسلمانوں میں نئی سوچ و فکر کے ساتھ اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی شدید ضرورت ہے۔