بودھن میں مسلمانوں کا اجلاس ، جناب عامر علی خاں کی بیداری مہم کا خیر مقدم
بودھن ۔ 3 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : آج مرحبا پیالیس فنکشن ہال بودھن میں کمیٹی 12 فیصد تحفظات برائے مسلمانان کے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس اجلاس میں شریک مہمان خصوصی ضلع میناریٹی سیل کانگریس پارٹی مسٹر سمیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات سے متعلق مرکز کو بل روانہ کر کے خاموشی اختیار کرنے سے بہتر ہے کہ ریاستی حکومت جاریہ پارلیمانی اجلاس میں تحفظات کے بل کی پیشکشی اور اس کی منظوری کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کرے ۔ فلور لیڈر کانگریس پارٹی بلدیہ بودھن جناب عابد سیٹھ نے کہا ریاست تلنگانہ کے مسلمان تحفظات کے حصول تک خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کی طرف سے تحفظات کے حصول کے لیے پھر ایک مرتبہ دوسرے مرحلے کی بیداری مہم کا آغاز کرنے پر عابد سیٹھ نے جناب عامر علی خاں کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ تحفظات کمیٹی کے مقامی کنوینر مولانا عبدالحمید السایح نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو مرحبا فنکشن پیالیس میں گیارہ بجے دن ایک احتجاجی اجلاس کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ اس اجلاس میں بطور مہمان خصوصی جناب عامر علی خاں سابقہ ریاستی وزیر مسٹر پی سدرشن ریڈی کے علاوہ کمیونسٹ پارٹی و تلگودیشم کے علاوہ جمعیت العلماء جماعت اسلامی و دیگر ہم خیال سیاسی و غیر سیاسی تنظیموں کے عہدیدار و قائدین شرکت کریں گے ۔ آج کے اس اجلاس میں سابقہ چیرمین مارکٹ کمیٹی شیخ محی الدین پاشاہ میر واحد علی بابا ین ار ای ، لیاقت علی بابا ، شیخ وحید ، شیخ امین الدین ، خواجہ فیاض الدین فیروز احمد ردرور اور شیخ ظہیر فہیم الدین می سیوا کے علاوہ مقامی تحفظات کمیٹی کے سرگرم کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔۔