نئی دہلی 30 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی نے آج بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بالآخر اس حکومت نے حصول اراضی آرڈیننس کے غلط ہونے کا اعتراف کرلیا ہے ۔ پارٹی نے مزید ادعا کیا کہ نریندر مودی نے آرڈیننس جاری نہ کرنے کا جو اعلان کیا ہے اس سے واضح ہوگیا ہے کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت مخالف عوام اور مخالف کسان تھی ۔ پارٹی نے کہا کہ اس معاملہ میں بی جے پی کا رول دلچسپ اور پریشان کن رہا ہے ۔ پہلے یو پی اے بل کی تائید کی گئی اور بعد میں خود کا نیا قانون بنانے کی کوشش کی گئی تاکہ کارپوریٹس کو فائدہ ہو ۔