حصول اراضی قانون کے خلاف اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کا قصر صدارت تک جلوس ‘نتیش کمار کی آج بھوک ہڑتال

نئی دہلی 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )حصول اراضی قانون کی مخالفت میں شدت پیدا کرتے ہوئے کئی اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین منصوبہ بنا رہے ہیں کہ منگل کے دن راشٹرا پتی بھون تک احتجاجی جلوس نکال کر 2013 کے قانون میں مجوزہ ترمیمات کرنے کی ارادہ کی مخالفت کی جائے ۔ جے ڈی یو کے صدر شردھ پوار دیگر پارٹیوں جیسے کانگریس ‘ترنمول کانگریس ‘سماجوادی پارٹی ‘بی ایس پی ‘ڈی ایم کے اور بائیں بازو کی پارٹیوں کے ساتھ اس احتجاجی جلوس کے اہتمام میں تعاون کررہے ہیں۔ کانگریس نے جلوس میں شرکت پر امادگی ظاہر کی ہے ۔ تین دن قبل لوک سبھا میں یہ بل منظور کیا جاچکا ہے ۔ حکومت نے اس میں 9 ترمیمات کی ہیں اور بیشتر حلیف پارٹیوں کو اس کی تائید کی ترغیب دی ہے ۔ پٹنہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر بہار نتیش کمار کل حصول اراضی قانون کے خلاف جنتادل (یو ) کی تحریک کے حصہ کے طور پر 24 گھنٹے کی بھوک ہڑتال کریں گے ۔ پارٹی کے ترجمان نیرج کمار نے کہا کہ ریاستی صدر جے ڈی یو بشسٹ نارائن سنگھ بھی پارٹی ہیڈ کوارٹرس پر بھوک ہڑتال میں شرکت کریں گے ۔ ریاستی وزیر برائے امور مقننہ شراون کمار نے کہا کہ جے ڈی یو ارکان پارلیمنٹ ‘ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیدار بھوک ہڑتال میں حصہ لیں گے جو حصول اراضی قانون کے خلاف کی جارہی ہے ۔ نتیش کمار وزیر اعظم نریندر مودی کے متعارف کردہ قانون کے شدید مخالف ہیں۔