حصول اراضی قانون راجیہ سبھا میں مسترد ہونے کا اندازہ

جموں۔19اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) جے ڈی(یو) کے صدر شرد یادو نے آج کہا کہ این ڈی اے حکومت کا متنازعہ حصول اراضی قانون ایوان بالا میں اپوزیشن کی جانب سے مسترد کردیا جائے گا ۔ کیونکہ یہ کاشتکار دشمن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ نریندر مودی حکومت کو اس بل کے سلسلہ میں شکست ہواور پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں اسے مسترد کردیا جائے جہاں ہمیں اکثریت حاصل ہے ۔ مودی حکومت پرالزام عائد کرتے ہوئے کہ وہ صنعتکاروں کی حامی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کا مقصد صرف صنعتکاروں اور بڑے کارپوریشنس کو فائدہ پہنچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سے یہ حکومت تشکیل پائی ہے یہ صنعت کاروں ‘ کارپوریٹس اور کثیر قومی کارپوریٹس کو ہی فائدہ پہنچا رہی ہے اور اب وہ چاہتے ہیں کہ کاشتکاروں سے ان کی زمین چھین لی جائے اور اسے صنعت کاروں کے حوالے کردیا جائے لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پارلیمنٹ کا اجلاس آئندہ چند دن میں شروع ہوگا تو وزیراعظم مباحث کے دوران بیان دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو ایوان میں بیان دینے دیجئے اُس کے بعد ہم اس قانون پر مباحث کریں گے ۔ یادو نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلارہی ہے اور صورتحال کو صف بندی کیلئے استعمال کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ گرجا گھروں میں توڑپھوڑ کررہے ہیں ۔ لوجہاد اور گھرواپسی کی باتیں کررہے ہیں جب کہ غریب کسان خودکشیاں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ روزآنہ مذہب کے نام پر کوئی نہ کوئی واقعہ ہوتا ہے جو ملک کی ترقی کیلئے انتہائی خطرناک ہے ۔ مرکزی حکومت کاروباری گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کی عجلت میں ہے جس کا واضح طور پر اظہار انشورنس بل ‘ کوئلہ اور معدنیات کی کانکنی کے بل پیش کرنے سے ہوتا ہے ۔