وزیراعظم کو کسانوں سے کوئی ہمدردی نہیں : پونم پربھاکر
کریم نگر 25 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کئے جانے والے حصول اراضی بل کی عوام کے تمام گوشوں سے مخالفت کی جانی چاہئے۔ سابق ایم پی پونم پربھاکر نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کو کسانوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔ اگر مر بھی جائیں تب بھی نریندر مودی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انھیں کسانوں کے روزگار سے کسی قسم کی کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ سابق ایم پی پونم پربھاکر نے کہاکہ تحصیل اراضی بل کے تعلق سے راہول گاندھی نے پوری طرح سے مخالفت کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ضلع میں تحویل اراضی بل کے خلاف ایک احتجاجی ریالی منظم کی جائے گی۔ ریاست میں ژالہ باری اور بارش سے فصلوں کو ہوئے نقصان کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی وزراء نے کوئی چھان بین نہیں کی۔ متاثرہ کسانوں کے آنسو پوچھنے کے لئے صرف سیاسی شعبدہ بازی کی جارہی ہے۔ کسانوں کو اس سے کچھ حاصل نہیں ہوا ہے جبکہ مرکزی وزراء کو صحیح حالات سے ریاست میں واقفیت نہیں کروائی گئی اس لئے مرکزی ٹیم یہاں نہیں پہنچی۔ ایک طرف ژالہ باری سے کسان نقصان اُٹھارہے ہیں تو دوسری طرف کے سی آر پلینری سیشن منعقد کررہے ہیں۔ ان حالات میں کیا یہ ضروری ہے کہ اراکین اسمبلی کے اسرائیل کے دورے سے زیادہ اہم ریاست کے کسانوں کے حالات کا جائزہ لینا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بقول کے چندرشیکھر راؤ ایک کسان کو لاکھ روپئے پیداوار ہورہی ہے تب ایسے میں زراعت مقصد کے لئے اسرائیل کے دورے کی ضرورت کیوں پہیش آئی؟ کاکتیہ مشن کے دیگر مسائل بھی توجہ طلب ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کونڈوری اویندرا کی ٹی آر ایس میں شمولیت سہ کانگریس کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔