حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) لیک پولیس نے آج دو افراد کو حسین ساگر جھیل میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے سے بچالیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے واقعہ میں کماری این پدما کو اس وقت چوکس لیک پولیس عملہ نے انتہائی اقدام سے روک لیا جب وہ لمبنی پارک پہنچ کر حسین ساگر جھیل میں چھلانگ لگانے کی کوشش کر رہی تھی۔ پولیس نے اسے پولیس اسٹیشن منتقل کرتے ہوئے اس اقدام کی وجوہات کا پتہ لگایا جس میں معلوم ہوا کہ وہ ایک ٹی بی کی مریض ہے اور اس کا ضعیف باپ خانگی سیکوریٹی گارڈ ہے جس کے سبب اس کے علاج کیلئے روپئے ناکافی تھے۔ ٹی بی کے مرض سے دلبرداشتہ ہوکر پدما نے یہ انتہائی اقدام کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں 27 سالہ آٹو ڈرائیور وائی راج کمار نے پانی میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ لیک پولیس کی پٹرولنگ ٹیم نے راج کمار کو حراست میں لے لیا اور پولیس اسٹیشن منتقل کرتے ہوئے انسپکٹر لیک پولیس اسٹیشن شریمتی سری دیوی نے دونوں کی کونسلنگ کی اور بعد ازاں انہیں رشتہ داروں کے حوالے کردیا گیا۔