حسین ساگر میں ایک شخص غرقاب

حیدرآباد ۔ /31 مئی (سیاست نیوز) حسین ساگر میں ایک شخص مشتبہ طور پر غرقاب ہوگیا جو بتایا جارہا ہے کہ جشن تلنگانہ کی تیاریوں میں مصروف تھا اور حسین ساگر پل کی آہک پاشی کے کاموں میں مصروف تھا ۔ رام گوپال پیٹ پولیس ذرائع نے یہ بتات بتائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ ملیش جو نلہ کنٹہ علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص /2 جون جشن تلنگانہ کے پیش نظر جاری کاموں کے تحت حسین ساگر پل پر کاموں میں مصروف تھا اور چونا ڈالنے کا کام کررہا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملیش شراب کے نشہ کا عادی تھا جو اچانک غائب ہوگیا اور پولیس نے آج حسین ساگر سے اس کی نعش کو برآمد کرلیا ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ ملیش نشہ کی حالت میں غرقاب ہوگیا ہوگا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
بچوں کی اسکول فیس کے مسئلہ پر میاں بیوی میں بحث ، شوہر فوت
حیدرآباد ۔ /31 مئی (سیاست نیوز) بچوں کی اسکول فیس کے مسئلہ  پر میاں بیوی میں بحث و تکرار شوہر کی موت کا سبب بن گیا ۔ یہ واقعہ پرانے شہر کے علاقہ چھتری ناکہ میں پیش آیا ۔ جہاں 35 سالہ اشوک کمار نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ اشوک کمار جو پیشہ سے پینٹر تھا ۔ اپوگوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ /29 مئی کے دن بچوں کی اسکول فیس کے متعلق میاں بیوی میں بحث و تکرار ہوئی جو جھگڑے کا سبب بن گئی ۔ اس جگھڑے سے دلبرداشتہ اشوک کمار نے کل نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔