امروہہ۔2 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ میں کھیلے جارہے ٹسٹ میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں شامل فاسٹ بولرمحمد سمیع پر ان کی بیوی نے عمر چھپانے کا سنگین الزام عائد کیا ہے ۔اتر پردیش کے امروہہ کے محمد سمیع کو ان کی اہلیہ حسین جہاں نے فیس بک پر اپنی تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں420 کہہ کر ان پر عمر چھپانے کا الزام عائد کیاہے ۔انگلینڈ میں ہندوستانی ٹیم کی جانب سے فاسٹ بولنگ کی کمان سنبھال رہے سمیع پر حسین جہاں نے اپنے فیس بک پر سمیع کی مختلف مارک شیٹ بھی پوسٹ کی ہیں اور دیگر دستاویزات جس میں سمیع کی پیدائش کی تاریخیں الگ الگ ہیں۔حسین نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اتنا بڑا گھپلا کرنے کے بعد بھی سمیع کو ہر طرف سے حمایت مل رہی ہے لیکن ان کی کہیں کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے ۔ فی الحال اس معاملے پر سمیع اور ان کے اہل خانہ نے ابھی تک خاموشی اختیارکر رکھی ہے ۔حسین جہاں نے سمیع پر یہ حملہ قریب دو ماہ بعد کیا ہے ۔ اس سے پہلے پانچ مارچ کو سوشل میڈیا کے ذریعہ وہ اپنے شوہر محمد سمیع پر دوسری خواتین سے تعلقات کا الزام لگایا تھا۔ اتنا ہی نہیں حسین جہاں نے سمیع کے بڑے بھائی حسیب پر آبروریزی، سسرال والوں پر مارپیٹ اور جہیز سے متعلق الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف کولکتہ میں مقدمہ بھی درج کروایا ہے۔محمد سمیع ہندوستان ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں ٹسٹ میچ کھیل رہے ہیں جہاں انہوں نے پہلے ٹسٹ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ اس سے پہلے وہ معاہدہ یا مفاہمت کے سارے راستے بند ہونے کے بعد دوبارہ ماڈلنگ کی دنیا میں واپس گئی ہیں۔ انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ انہوں نے اپنے اور بیٹی کے مستقبل کے لئے دوبارہ سے اس پیشے میں واپسی کی ہے ۔