حسینی علم میں مشتبہ نعش کی دستیابی سے سنسنی

حیدرآباد ۔ /26 اگست (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں آج اس وقت ہلکی سی سنسنی پھیل گئی جب پولیس حسینی علم نے ایک شخص کی مشتبہ نعش کو برآمد کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نعش کی دستیابی کے بعد قتل کی افواہ سے سنسنی پھیل گئی ۔ تاہم حسینی علم پولیس کا کہنا ہے کہ روی نامی شخص جس کی عمر تقریباً 35 تا 38 سال بتائی گئی ہے مشتبہ طور پر فوت ہوگیا ۔ انسپکٹر حسینی علم مسٹر شیام سندر نے بتایا کہ حسینی علم کے علاقہ چندریکا پورم سے یہ نعش دستیاب ہوئی ۔ انسپکٹر کے مطابق اس شخص کے جسم پر کسی قسم کے کوئی نشان برآمد نہیں ہوئے ۔ پولیس نے پنچنامہ کے بعد نعش کی تصویر کو واٹس اپ پر جاری کیا ۔ جس کے سبب اس کی شناخت چند ہی گھنٹوں میں ممکن ہوسکی ۔ تاہم اس وقت تک روی نامعلوم شخص تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ روی اپنے بھائی وٹھل اور والدہ کے ہمراہ روزگار کی تلاش میں مہاراشٹرا سے حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور یہ شخص سخت نشہ کا عادی تھا اور تین تین نشیلی ادویات کو ملاکر ایک ساتھ استعمال کرتا تھا ۔ لنگر حوض کے علاقہ میں یہ خاندان جھونپڑ پٹی میں رہتا تھا ۔ تاہم روی کی حرکتوں سے جو نشہ کی حالت میں نیم برہنہ حالت میں باہر نکل جایا کرتا تھا مقامی عوام نے اعتراض کرتے ہوئے انہیں لنگر حوض سے نکال دیا ۔ جس کے بعد یہ لوگ حسینی علم کے علاقہ منتقل ہوگئے ۔ روی کے بھائی وٹھل نے واٹس اپ پر نعش کی تصویر دیکھی اور اپنے مالک کی مدد سے پولیس سے رجوع ہوا ۔ پولیس حسینی علم مصروف تحقیقات ہے ۔