حسینی علم اور راجندر نگر میں دو افراد کی مشتبہ موت

حیدرآباد۔/28جولائی، ( سیاست نیوز)پرانے شہر کے علاقہ حسینی علم اور سائبرآباد کے علاقہ راجندر نگر میں دو افراد کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں کی موت کثرت سے شراب نوشی کے سبب ہوئی۔ حسینی علم پولیس کے مطابق 35 سالہ ٹھاکر چرن سنگھ جو پیشہ سے مزدور تھا حسینی علم ہاؤزنگ بورڈ کالونی میں رہتا تھا۔ یہ شخص کل رات مشتبہ حالت میں خرابی صحت کے سبب فوت ہوگیا۔ پولیس حسینی علم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ شخص کثرت شراب نوشی کے سبب فوت ہوگیا ہے۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 40 سالہ مرلی جو پیشہ سے مزدور تھا راجندر نگر علاقہ میں رہتا تھا۔ جس کا آبائی مقام اننت پور بتایا گیا ہے یہ شخص راجندر نگر کے علاقہ میں پلر نمبر 268 کے قریب ایک زیر تعمیر عمارت میں کام کرتا تھا اور اسی عمارت کے قریب مشتبہ حالت میں پایا گیا جس کو فوری علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جو علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔