حسن نگر ‘ شاستری پورم میں پولیس کا فلیگ مارچ

حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست بھر میں پولیس کے فلیگ مارچ کا سلسلہ جاری ہے۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار کی زیرنگرانی آج پولیس نے شہر کے علاقہ حسن نگر، شاستری پورم اور وٹے پلی میں فلیگ مارچ کیا۔ 500 پولیس عملے بشمول ریاپڈ ایکشن فورس، سی آر پی ایف اور دیگر نیم فوجی دستوں کے ساتھ فلیگ مارچ کیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد سجنار نے کہاکہ آئندہ انتخابات کے پیش نظر فلیگ مارچ کیا جارہا ہے تاکہ عوام کے احساس تحفظ اور خود اعتمادی میں اضافہ کیا جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابات میں رائے دہی کے دوران عوام بے باکی سے رائے دہی میں حصہ لیں۔ پولیس نے انتخابات کے دوران وسیع تر سکیورٹی کے انتظامات کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مقامی پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں کو بھی متعین کیا جارہا ہے۔