ہریش راؤ کا طوفانی دورہ، مختلف کاموں کا افتتاح اور خطاب
حسن آباد 20 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے آج ادعا کیاکہ تلنگانہ ملک کی واحد مثالی ریاست بن گئی ہے جس کا سالانہ بجٹ بچت میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وہ آج حلقہ اسمبلی حسن آباد کے منڈلس کوہٹہ، اکناپیٹ کا طوفانی دورہ کرتے ہوئے آبپاشی پراجکٹ کا افتتاح انجام دے کر تقریب کو مخاطب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے جاریہ معاشی سال کے دوران حلقہ حسن آباد کے منڈلس اکناپیٹ، کوہیڈا، حسن آباد کے لئے 135 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں نیز عوام کو درکار ضروریات کی تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ نیز گجویل و سدی پیٹ ٹاؤنس کے طرز پر جنگی خطوط پر کام کرتے ہوئے حسن آباد حلقے کی پسماندگی کو دور کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد سے پداپلی تک زائداز 230 کیلو میٹر براہ حسن آباد، حضور آباد، سلطان آباد قومی شاہراہ تعمیر کرنے کا ٹی ہریش راؤ نے اس موقع پر اعلان کیا۔ حسن آباد حلقہ میں سڑکوں کی درستگی و مرمت کے لئے فی الفور 50 کروڑ روپئے جاری کرنے و نگر پنچایت حسن آباد کے لئے اضافی طور پر 25 کروڑ روپئے منظور کرتے ہوئے ٹاؤن کے مسلم محلہ جات میں سمنٹ روڈس کی تعمیر کرنے کا جلسہ عام میں ریاستی وزیر ہریش راؤ، صدر نگر پنچایت سدالہ چندریا کو ہدایت دی۔ تقاریب میں مقامی رکن اسمبلی وی ستیش کمار، رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار، قانون ساز کونسل رکن پی سدھاکر ریڈی کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین محمد عبدالوہاب، انور ، سری ہری، رام ریڈی، سید شاکر حسین، ضلع کلکٹر پی وینکٹ رام ریڈی و دیگر کے علاوہ مقامی عوام کی بھاری تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔