ادونی۔9اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ایم بی اے فنکشن ہال ، نزد اسلام جھرہ روڈ میں بروز اتوار نصف روزہ اجلاس عام کا انعقاد عمل میں آیا۔ جو حافظ عبدالغنی عمری ، ناظم ضلعی جماعت اہلحدیث کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں مولانا عبدالعظیم عمری استاذ جامعہ دارالسلام عمر آباداور مولانا محمد یعقوب جامعی داعی و مبلغ ضلع بلہاری کرناٹک مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک رہے ۔ اس موقع پر مولانا عبدالعظیم عمری صاحب نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سیرت رسول ﷺ پر خطاب فرمایا۔ اور کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے اسلام کو حسن اخلاق سے ساری دنیا میں پھیلایا ہے ۔ ہمیں بھی چاہئے کہ ہر کسی سے حسن اخلاق کے ساتھ پیش آئیں اور صبر کا دامن تھامے رہیں۔ حضور اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کریں تو ہماری دنیا و آخرت سنور جائیگی۔ مگر آج کا ماحول بالکل الگ چل رہا ہے۔ والدین اپنے اولاد کی صحیح پرورش نہیں کرپارہے ہیں۔ اس سے مراد یہ ہے کہ والدین اپنے ؎بچوں پر ہرطرح سے نظر رکھیں ۔ آج کے ترقیاتی سائنس کے دورمیں ہر کسی کے پاس موبائیل موجود ہے جو فائدے بھی پہنچاتا ہے اور نقصانات بھی ۔ مگر اس کا استعمال صحیح کیا گیا تو فائدہ ہے ۔ اور اگر غلط استعمال کیا تو بچے بھٹک جاتے ہیں۔ لہذا آج کی اس دنیامیں مسلمان پوری طرح بکھراہوا نظر آرہا ہے ۔ اتحاد نہیںپیدا کرپارہا ہے۔ اس کے مقابلے اغیار میں اتحاد دیکھا جارہا ہے۔ جس سے وہ کامیاب ہورہے ہیں ۔ مگر مسلمان فرقوں میں بٹاہوا ہے ۔ لہذا مسلمانوں کو اتحاد و اتفاق سے اپنی زندگی گذارنے کی بے حد ضرورت ہے۔ قبل از یہ پروگرام قرآت کلام پاک اور نعت شریف سے ہوا ۔ مولانا محمد یعقوب جامعی نے نعت شریف پڑھی ۔ جلسہ میں خواتینکی بھی کثیر تعداد شریک رہی۔ پروگرام میں بیرونی علمائے اکرام کے علاوہ مقامی علماء بھی شریک رہے ۔یہ پروگرام شہر ی جمعیت اہلحدیث کی جانب سے منعقد کیا گیا۔