حسن آباد کی ترقی کیلئے 30 کروڑ روپئے منظور

حسن آباد۔/26 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی حسن آباد مسٹر وی ستیش کمار نے آج بتایا کہ ریاستی حکومت حلقہ حسن آباد کی ترقی کیلئے ان کی راست نمائندگی کرنے پر سنگارینی سیس کے فنڈ میں سے 30 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ اس ضمن میں ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے تحریری احکامات جاری کردیئے ہیں۔ علاوہ ازیں حلقہ کریم نگر کے لوک سبھا رکن مسٹر بی ونود کمار نے اضافی طور پر موضع سندر گری منڈل چگور مامڑی تا شنگرم 23کلو میٹرطویل سڑک کی تعمیر کے لئے مرکزی حکومت سے 16 کروڑ روپئے منظور کروائے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی زائد از 4 سالہ کارکردگی پر مشتمل رپورٹ پیش کرنے اور آج 27 اگسٹ رکن راجیہ سبھا کیپٹن وی لکشمی کانت راؤ حسن آباد کا دورہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی طرف سے حلقہ اسمبلی حسن آباد کے رکن اسمبلی کے لئے تعمیر کردہ کیمپ آفس کا افتتاح کریں گے۔

کوٹالہ میں سانپ ڈسنے پر
خاتون فوت
کاغذ نگر۔/26 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوٹالہ منڈل کے بادے پلی گاؤں کی متوطن 55 سالہ سیتا بائی کی سانپ ڈسنے سے موت واقع ہوگئی۔ سانپ ڈسنے کی اطلاع پر مقامی لوگ اسے دواخانہ کو منتقل کررہے تھے کہ راستہ میں فوت ہوگئی۔ سرپور ٹاؤن سرکاری دواخانہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ ایک کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔