حسن آباد۔/20ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی حسن آباد کے نو منتخبہ رکن اسمبلی مسٹر وی ستیش کمار نے آج پرزور انداز میں ادعا کیا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی فلاحی اسکیمات و حسن کارکردگی نے دوبارہ ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے برسر اقتدار لایا ہے۔ کے سی آر نے مالی بوجھ کی پرواہ کئے بغیر متعدد فلاحی پروگراموں کو روشناس کرواکر ریاست تلنگانہ کا نام ملک گیر سطح پر اول مقام پر پہنچایا ہے۔ وہ آج حلقہ میں شامل ایلکا ترتی منڈل مستقر پر بتکماں ساڑیوں کی تقسیم کی تقریب کو مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حسن آباد کے منڈلس میں 72 ہزار ساڑیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔