حسن آباد۔/30اگسٹ، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد پولیس نے کل رات چوکسی و مستعدی دکھاکر ممنوعہ گٹکھا کے بین ریاستی تاجرین کو گرفتار کرتے ہوئے زائد از 6 لاکھ روپئے مالیت کے گٹکھے پاکٹس کو ضبط کرلیا۔ آج صبح پولیس اسٹیشن حسن آباد پر منعقدہ اس پریس کانفرنس میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے معاون کمشنر آف پولیس ایس مہیندر نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن حسن آباد سے وابستہ ہیڈ کانسٹبل سمپت کمارکو باوثوق ذرائع سے اس بات کی اطلاع ملی کہ گٹکھا کا بد نام زمانہ تاجر کرن کمار متوطن گوداوری کھنی کرناٹک کے ضلع بیدر سے ممنوعہ گٹکھے کے پاکٹس کی بھاری مقدار کے ہمراہ بذریعہ کار بیدر سے ضلع پداپلی کے این ٹی پی سی ٹاون شپ براہ حسن آباد، حضور آباد ، سلطان آباد، پداپلی گذررہا ہے ٹھوس اطلاع پر حسن آباد ٹاون کے وسط میں ہیڈ کانسٹبل سمپت نے سواریوں کو روک کر تلاشی مہم چلائی ۔ کچھ دیر بعد کرن کمار انووا کار کے ذریعہ 6.75 لاکھ روپئے مالیت گٹکھے کے پیاکٹس پر مشتمل بھاری پیاکس کے ساتھ پولیس جوانوں کو بھاری رقم دینے کا لالچ دے کر پھنس گیا۔