حسن آباد میں گرام پنچایت ملازمین کا انوکھا احتجاج

حسن آباد۔/8اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اپنے دیرینہ مطالبات کی یکسوئی و مسائل کے حل کیلئے گزشتہ دو ہفتوں سے مسلسل احتجاج کرنے والے گرام پنچایت ملازمین نے آج حسن آباد ٹاون میں تحصیلداردفتر پر اپنا منفرد احتجاج منظم کرتے ہوئے مقامی عوام اور عوامی نمائندوں کو اس طرف راغب کرنے کی کوشش کی۔ حسن آباد منڈل کے مختلف دیہاتوں میں برسر خدمت گرام پنچایت ملازمین نے منسٹری آف انڈین ٹریڈ یونین کے پرچم تلے علامتی طور پر پھانسی کے پھندے کو اپنی گردنوں میں ڈالتے ہوئے مطالبات کی عدم یکسوئی پر پھانسی لیکر خودکشی کرلینے کا اجتماعی طور پر ریاستی حکومت کو انتباہ دیا۔ ملازمین کے اس منفرد احتجاجی مظاہرے کو کانگریس، تلگودیشم ، بی جے پی کے علاوہ کمیونسٹ پارٹیوں نے غیر مشروط تائید کرتے ہوئے گرام پنچایت ملازمین کی مانگ کو فوری پورا کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر متحدہ طور پر گرام پنچایت ملازمین کے احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔