حسن آباد۔/5اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سدی پیٹ بالخصوص حسن آباد ڈیویژن سے ملحقہ مواضعات میں مخلوعہ پنچایت کے حکام کی جانب سے جبراً امکنہ ٹیکسوں و نلوں کے بلز کی وصولی اور بقایا جات کے حامل افراد کو قانونی نوٹسوں کی اجرائی کے خلاف آج کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی حسن آباد ڈیویژن کے زیر اہتمام منڈل دفتر حسن آباد پر سی پی آئی کے ریاستی قائد سید سلیم کی زیر قیادت زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر کمیونسٹ پارٹی قائدین لنگم یادو ریڈی، سری سیلم، محمد عبدالوکیل، نظام الدین و دیگر نے مخاطب کرتے ہوئے امکنہ ٹیکسوں اور بقایا جات کی وصولی میں سختی برتنے کی شدت کے ساتھ مخالفت کی اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں اور سطح غربت سے بھی نچلی زندگی گذارنے والے خاندانوں کے مکانات و املاک کے ٹیکس کو فوری معاف کرنے کا ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔ بعد ازاں احتجاجی کمیونسٹ قائدین کے ایک وفد نے منڈل آفیسر محمد مشتاق علی کو اپنے مطالبات پر مشتمل تحریری یادداشت پیش کی۔