حسن آباد میں سڑک حادثہ ایک شخص ہلاک ، 2 زخمی

حسن آباد۔/8مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ٹاؤن کے مضافات میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں آٹو ٹرالی نے موٹر سیکل کو ٹکر دینے کے سبب ایک شخص برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ جبکہ دیگر 2 شدید زخمی ہوگئے ۔ سب انسپکٹر سدھاکر کے بموجب حسن آباد ٹاؤن کے مضافات میں آج صبح 5 بجے دودھ لے جانے والا ٹرالی آٹو تیز رفتاری میں بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنے والے مدور منڈل کے موضع کنڈا پور کے ملحقہ تانڈے کے قبائیلی خاندان کے 3 افرادپھول سنگھ، جیوتی ، روتی کی موٹر سیکل کو ٹکر دے دی نتیجہ میں 37 سالہ پھول سنگھ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ جبکہ دیگر 2 خواتین جیوتی ، روتی شدید زخمی ہوگئے جنہیں مقامی عوام کی جانب سے مطلع کرنے پر 108 ایمبولنس میں ورنگل ایم جی ایم دواخانہ کو منتقل کیا گیا ۔ ٹرالی آٹو ڈرائیور سمیا نے خود کو حسن آباد پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس حسن آباد اس ضمن میں کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کرنے کا اعلان کیا۔