حسن آباد۔ 19 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد پولیس سرکل کے تحت موضع اکناپیٹ منڈل مستقر پر آج صبح حسب معمول زرعی باؤلی کھودنے کے دوران حادثاتی طور پر آہنی کرین کا وزنی ڈبہ وائر ٹوٹ جانے کی وجہ سے کام میں مصروف مزدوروں پر گرگیا جس کے نتیجہ میں 4 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں علاج کیلئے ورنگل ایم جی ایم دواخانہ لے جانے کے دوران دو مزدور زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیئے جبکہ مابقی 2 مزدور ہنوز تشویشناک حالت میں زیرعلاج ہیں۔ سب انسپکٹر پاپنا پیٹ کی فراہم کردہ تفصیل کے بموجب موضع اکناپیٹ کا بگلیا نامی 52 سالہ کسان مقامی مزدوروں کے ہمراہ اپنی قدیم زرعی باؤلی کو مزید گہرا کرنے کی غرض سے گزشتہ چار دن سے کام کروا رہا تھا جس کے لئے مٹی کی نکاسی کیلئے آہنی کرین کو کرایہ پر حاصل کرکے سرینواس، شنکریا، راجو، بابو راؤ نامی مزدوروں کو یومیہ اجرت پر مقرر کیا تھا۔ آج صبح حسب معمول مٹی کی نکاسی کے دوران کرین کا مٹی سے بھرا ہوا وزنی ڈبہ حادثاتی طور پر وائر ٹوٹ کر مزدوروں پر جاگرا جس کے نتیجہ میں سرینواس شنکریا، راجو اور بابو راؤ نامی مزدور شدید زخمی ہوگئے۔