حسنی مبارک و فرزندان کو رشوت مقدمہ میں قید کی سزا

قاہرہ 9 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر میں معزول صدر حسنی مبارک اور ان کے دو بیٹوں کو ان کے خلاف کرپشن کے ایک مقدمہ میں فوجداری عدالت نے تین سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ حسنی مبارک اور ان کے دو فرزندان جمال اور اعلی فیصلہ سنائے جانے کے وقت سلاخوں کے پیچھے موجود تھے ۔ وہ سوٹ اور سیاہ چشمے پہنے ہوئے تھے ۔ ان پر جملہ 17.9 ملین ڈالرس کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے صدارتی محل کی دیکھ بھال کیلئے مختص کی گئی اتنی رقم کا خرد برد کردیا تھا ۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے صدارتی پہیلس کے بجٹ سے 17.9 ملین ڈالرس کی رقم حاصل کرلی تھی اور اس رقم کو اپنے خاندانی اثاثہ جات کی تعمیر اور ان کی مرمت پر خرچ کیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ انہوں نے سرکاری جائیداد و املاک کو نقصان پہونچانے کے مقصد سے فرضی دستاویزات بھی تیار کئے تھے ۔