حزب اللہ کی حامیوں کو شامی سرحد پر جمع ہونے کی ہدایت

بیروت ۔30مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ نے اپنے جنگجوئوں کو شام کی سرحد سے متصل شورش زدہ علاقے عرسال اور اس کے کئی دوسرے دیہات میں جمع ہونے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے اپنے جنگجوئوں اور تنظیم کے بہی خواہوں کے نام جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اتوار کے روز ریاق، الھرمل اور بعلک کے مقامات پر جمع ہوں اور وہاں موجود حسینیہ النبی شیث، حسینیہ ریاق، حسینیہ العین اور شمسطار میں حسینیہ علی النہری کی حفاظت کریں۔لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعہ کے رز بعلبک کے مضافاتی علاقے حسینیہ ’’بوادی‘‘ میں حزب اللہ کے جنگجوئوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی تھی۔قبل ازیں حزب اللہ کے سربراہ الشیخ حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ اہالیان وادی البقاع عرسال میں مخالف مسلح عناصر کی موجودگی کسی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے ملک کے بعض سیاسی قائدین پر فوج کو شام کی جنگ میں ڈھکیلنے کا بھی الزام عاید کیا۔دوسری جانب حزب اللہ کی اپنے جنگجوئوں اور حامیوں کو عرسال کے مختلف مقامات پر جمع کرنے کے اعلان پر سیاسی حلقوں میں سخت تشویش بھی پائی جا رہی ہے۔