حرم مکی کے قالینوں کی صفائی کا طریقۂ کار

ریاض ۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حرم مکی کے طول و عرض میں بچھے سبز رنگ کے قالینوں کی مجموعی تعداد 30 ہزار کے قریب ہے۔ ان کی مجموعی لمبائی تقریباً سو کیلو میٹر بنتی ہے۔ امورحرمین کی پریزیڈنسی ان قالینوں کو گلاب کی بھینی مہک سے معطر کرنے پر خصوصی توجہ دیتی ہے تاکہ بیت اللہ کے زائرین پوری یکسوئی کے ساتھ اپنی عبادات انجام دینے میں مشغول رہ سکیں۔ قالینوں کی صفائی روزانہ انجام دی جاتی ہے۔ اس لے لئے مکہ مکرمہ کے علاقہ کدی میں واقع گودام کے اندر 5 مراحل پر مشتمل کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ پہلے مرحلے میں جدید ترین مشینوں کے ذریعہ قالین پر سے گردوغبار صاف کی جاتی ہے۔ دوسرے مرحلہ میں جدید خودکار آلات کے ذریعہ خصوصی مواد سے قالین کو دھویا جاتا ہے۔ اس میں کسی انسان کا عمل دخل نہیں ہوتا۔ قالین کو نچوڑے جانے کے بعد تیسرے مرحلہ کیلئے خود کار پل پر رکھ دیا جاتا ہے یہاں ہر دیڑھ منٹ میں اوسطاً 3 قالین خشک کئے جاتے ہیں۔ اس کے بعد چوتھے مرحلہ میں ورکر قالینوں کو مکمل طور پر سکھانے کیلئے دھوپ میں چھوڑ دیتے ہیں۔ گرمیوں یہ دورانیہ ایک دن اور سردیوں میں دو دن پر مشتمل ہوتا ہے۔ پانچویں اور آخری مرحلہ میں قالین کو بھرپور توجہ سے پھر صاف کیا جاتا ہے تاکہ کسی قسم کی رہ جانے والی گرد کو ختم کیا جاسکے۔